سندھ بھر میں معمول کی سرگرمیاں شروع کردیں
رابطہ کمیٹی کی عوام تاجروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل
کراچی سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے دھرنے جاری رہیں گے، رابطہ کمیٹی
زندگی کے ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والے عوام نے جس تاریخی اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کیا ہے
اس پر ان کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے، رابطہ کمیٹی
لندن۔۔۔4 ، جون 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بدھ کی شام قائد تحریک جناب الطاف حسین سے ہونے والی گفتگو کی روشنی میں عوام بالخصوص تاجراورٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ بھر میں معمول کی سرگرمیاں شروع کردیں۔ رابطہ کمیٹی نے تاہم واضح کیا کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے دھرنے جاری رہیں گے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے عوام کے تمام طبقات ، تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز، سیاسی، سماجی ومذہبی رہنماؤں، اسکول مالکان، اساتذہ ، طلباء مزدوروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے دلی تشکرکااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے قائد تحریک الطاف حسین کی گرفتاری پر جس تاریخی اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کیا ہے اس پر ان کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قائد تحریک الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کے اظہار کیلئے نمائش چورنگی کراچی اور دیگر علاقوں میں ہونے والے دھرنوں میں بھرپورجوش وجذبہ کے ساتھ شرکت کرتے رہیں۔ رابطہ کمیٹی نے عوام سے قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت وتندرستی کی دعاؤں کی بھی اپیل کی ہے ۔