مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے سینئر کارکن سید وزیر احمد کے بہیمانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
سید وزیر احمد شہید کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، رابطہ کمیٹی
سید وزیر احمد شہید کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
کراچی ۔۔۔6، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر یونٹ 130-Aکے سینئر کارکن سید وزیر احمد ولد نذیر احمد کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے بہیمانہ قتل کی اس واردات کوشہر کا امن سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی رابطہ کمیٹی نے سید وزیر احمد شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا ر کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر یونٹ 130-Aکے سینئر کارکن سید وزیر احمد کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔
دریں اثناء سید وزیر احمد شہید کو اورنگی ٹاؤن کے نور احمد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نما ز جنازہ اورنگی ٹاؤن کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں حق پرست ارکان قومی اسمبلی اقبال قادری ، محبوب عالم ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی سیف الدین خالد ،مظاہر امیر، ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، قصبہ علی گڑھ اور اورنگی ٹاؤن سیکٹرز کے ذمہ داران، کارکنان، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔