برنس روڈ پر ایم کیوایم کے سیکٹر آفس پر ہونے والا دھماکہ پنجاب کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیا۔ ایم کیوایم کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ
پنجاب کے عوام نے اس جماعت کے بڑے بڑے رہنماؤں کو ان بدنام زمانہ دہشت گردوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے بار بار دیکھا ہے
اس جماعت کے عسکری ونگ کے دہشت گرد بھی پنجاب سے آنے والے قافلوں کے ساتھ سندھ میں داخل ہوئے
ایم کیوایم کی تحقیقاتی کمیٹی کی اس رپورٹ کی روشنی میں سامنے آنے والے نکات کی فوری طور پر تحقیقات کرائی جائے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا نگراں وزیراعظم اور پنجاب اور سندھ کے نگراں وزرائے اعلیٰ سے پر زور مطالبہ
کراچی ۔۔۔ 2 مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ اس کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق برنس روڈ پر ایم کیوایم کے سیکٹرآفس پر ہونے والادھماکہ پنجاب کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیاہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رپورٹس کے مطابق مذکورہ پنجاب based جماعت کاعسکری ونگ انتہاپسند مذہبی عناصر پر مشتمل ہے اورپنجاب کے عوام نے اس جماعت کے بڑے بڑے رہنماؤں کوان بدنام زمانہ دہشت گردوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے بارباردیکھاہے حتیٰ کہ بعض اخبارات میں ان ملاقاتوں کی تصاویربھی شائع ہوچکی ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پنجاب کی مذکورہ جماعت کے سربراہ نے جمعرات کو سندھ میں ایک جلسہ عام بھی منعقد کیاتھا۔ اب ایم کیوایم کی تحقیقاتی کمیٹی ان اطلاعات کی تحقیق کررہی ہے جن کے مطابق اس جماعت کے عسکری ونگ کے دہشت گردبھی اس جماعت کے پنجاب سے آنے والے قافلوں کے ساتھ سندھ میں داخل ہوئے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی اس جماعت پر دہشت گردوں کاغلبہ اس قدرہوچکاہے کہ اس کے سربراہ نے آج سندھ میں ہونے کے باوجودصوبہ میں ہونے والے متعدددھماکوں کی مذمت میں ایک لفظ تک نہ کہا اورنہ دہی دہشت گردی کاشکار ہونے والوں سے تعزیت کی ۔ رابطہ کمیٹی نے نگراں وزیراعظم اورپنجاب اورسندھ کے نگراں وزرائے اعلیٰ سے پرذورمطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کی تحقیقاتی کمیٹی کی اس رپورٹ کی روشنی میں سامنے آنے والے نکات کی فوری طورپرتحقیقات کرائی جائے ۔