طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں ممتاز مذہبی رہنما مفتی نظام الدین شامزئی کے بھائی ڈاکٹر عزیز الدین اور ان کے نواسے کی شہادت پر ایم کیوایم کا اظہار تعزیت
طالبان نے ڈاکٹر عزیز الدین شامزئی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا کیونکہ وہ طالبان کی دہشت گردی کے خلاف تھے
متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، مصطفےٰ عزیز آبادی اور قاسم علی رضا کا مشترکہ بیان
مفتی نظام الدین شامزئی طالبان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے تھے اسی بناء پر طالبان نے کئی سال قبل انہیں کراچی میں شہید کردیا تھا
جو دہشت گرد مفتی نظام الدین شامزئی جیسی دینی شخصیت اور ان کے بھائی کو شہید کریں وہ اسلام کے دوست نہیں ہوسکتے
لندن ۔۔۔ 26 اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید،مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضا نے مومن آباد میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں ممتازمذدینی رہنما مفتی نظام الدین شامزئی کے بھائی ڈاکٹرعزیزالدین اور ان کے نواسے کی شہادت پر اپنے دلی افسوس کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں اراکین رابطہ کمیٹی نے کہاکہ طالبان دہشت گردوں نے ڈاکٹر عزیزالدین شامزئی کوجان بوجھ کرنشانہ بنایاکیونکہ ڈاکٹرعزیزالدین کے بھائی اورممتازدینی رہنما مفتی نظام الدین شامزئی طالبان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے تھے اسی بناء پر طالبان نے کئی سال قبل مفتی نظام الدین شامزئی کوکراچی میں شہیدکردیا تھا ۔ڈاکٹرعزیزالدین شامزئی بھی اپنے بھائی کی طرح طالبان کی دہشت گرد ی کے خلاف تھے ۔ہماری اطلاعات کے مطابق آج طالبان دہشت گردوں نے انہیں خاص طورپر نشانہ بناکرشہیدکردیا۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ جودہشت گرد مفتی نظام الدین شامزئی جیسی دینی شخصیت اوران کے بھائی کوشہیدکریں وہ اسلام کے دوست نہیں ہوسکتے ۔رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹرعزیزالدین شہید اور ان کے نواسے کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ عزیزالدین شہید اور ان کے نواسے کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورتمام لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔