اے این پی کے دفتر پر حملہ روشن خیال جماعتوں کے خلاف دہشت گردی کاتسلسل ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم اور اے این پی کے دفاتر پر دہشت گردحملوں نے شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقادپر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں
مومن آباد میں اے این پی کے دفتر پر بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
لندن۔۔۔26 ،اپریل2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے قائد عوام کالونی میں اے این پی کے دفتر پر بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اعتدال پسند اور روشن خیال سیاسی قوتوں کے خلاف جاری دہشت گردی کا تسلسل قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ سفاک دہشت گرد لبرل اور روشن خیال جماعتوں کو دہشت گردی کانشانہ بناکرانہیں ان کے جمہوری ، آئینی اور قانونی حق سے محروم رکھنے کی سازش کررہے ہیں ، ایم کیوایم اور اے این پی کے دفاتر پر دہشت گردحملوں نے ملک میں شفاف اورآزادانہ انتخابات کے بارے میں کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گرد ی کے ان بڑھتے ہوئے واقعات میں ملک کی اعتدال پسند اور روش خیال جماعتوں کو جس طرح کھلی دہشت گردی کا نشانہ بنا یا جارہاہے وہ تمام جمہوریت پسند قوتوں کیلئے ایک لمحہ فکر یہ ہے ۔ اس وقت نہ صرف دہشت گردی کا شکار جماعتوں کو بلکہ ملک کے تمام محب وطن ،پڑھے لکھے اور اعتدال پسند عناصر کو متحد ہو کر مشتر کہ لائحہ عمل بنا نا ہوگا کیونکہ اگر وقت نکل گیا تو پھرلکیر پیٹنے اور پچھتا وے کے سو اکچھ حاصل نہ ہوگا ۔جناب الطاف حسین نے اے این پی کے دفتر پر بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی اوراے این پی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں سے اس سانحہ پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جابحق ہونے والوں کو جنت الفر دوس میں جگہ عطا فرمائے ۔
جناب الطاف حسین نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ لبرل اور روشن خیال سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر دہشت گردوں کے حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور شہریوں کو جان ومال کاتحفظ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے اے این پی کے کارکنان وہمدردوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔