ایم کیوایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ بھر میں پرامن یوم سوگ منایا گیا
یوم سوگ کے موقع پر ٹرانسپورٹ ، کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں
ایم کیوایم کے دفاتر ، چوراہوں ، عمارتوں اورتجارتی مراکز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے اور مذمتی بینرز آیزاں کئے گئے
ملک بھر میں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن و فاتحہ خوانی اجتماعات منعقد ہوئے
قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کامرکزی اجتماع کراچی میں لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوا
تصاویر
کراچی ۔۔۔26، اپریل 2013ء
نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں واقع ایم کیوایم کے الیکشن آفس کے باہر بم دھماکے اور اس کے نتیجے میں درجنوں کارکنان وہمدردوں کے شہیدوزخمی ہونے کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پرجمعہ کے روز کراچی سمیت سندھ بھر میں بھرپورپرامن یوم سوگ منایا گیااورزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی کاروباری ، تعلیمی ، سماجی اور دیگر مصروفیات مکمل طورپر بندرکھیں ۔ یوم سوگ کے موقع پر سندھ بھر میں تجارتی مراکز ، بازار، دکانیں ، تعلیمی ادارے اور سرکاری ونجی دفاتر بند رہے جبکہ سرکاری ونجی ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند رہیں۔ اس موقع پر کراچی سمیت سندھ میں سوگ کا سماں دیکھنے میں آیا۔سندھ کے شہری ودیہی علاقوں کے عوام ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے قتل کے مسلسل واقعات پر سوگوار تھے ۔یوم سوگ کے سلسلے میں عوام کی جانب سے سندھ کے شہروں ، دیہاتوں اورقصبوں کی اہم عمارتوں ، بازاروں ، دکانوں ، شاہراہوں، چوراہوں اور گھروں پر سیاہ پرچم لگائے گئے تھے جبکہ بڑی تعداد میں سیاہ بینرز بھی آویزاں کئے گئے تھے جن پر حق پرست شہداء کو خراج عقیدت ، قتل وغارتگری کے خلاف مذمتی کلمات تحریر تھے اورحق پرستی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیاتھا۔ صوبے بھر میں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات بھی منعقد کئے گئے،جن میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا مرکزی اجتماع کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوا جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز رابطہ کمیٹی کے اراکین ،حق پرست سینیٹرز ، حق پرست نامزد امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلی ، نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران ،ایم کیوایم کے سیکٹرزاوریونٹ کے ذمہ داران ،کارکنان ، ہمدردوں اور شہید و زخمی ہونے والے کارکنان کے لواحقین نے شرکت کی اور حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم سوگ کے موقع پرایم کیوایم کے تحت صوبہ پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا، گلگت ،بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ایم کیوایم کے صوبائی اورضلعی دفاتر میں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ایم کیوایم کے مقامی ذمہ داروں ، نامزد امیدواروں ، کارکنوں اور ہمدردعوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔