ایم کیوایم کے خلاف مسلسل دہشت گردی پر تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ایم کیوایم برطانیہ
لندن۔24،اپریل2013ء
ایم کیوایم برطانیہ یونٹ کے ذمہ داران نے اپنے ایک اجلاس میں کراچی میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے کارکنان کی بم دھماکے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی مسلسل شہادتوں پر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا اعلان ہوتے ہی ایم کیوایم کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں اب تک ایم کیوایم کے درجنوں کارکنان او ر ہمدرد شہید ہوچکے ہیں اور اور ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں اور کسی بھی بڑی سیاسی اور مذہبی جماعت نے ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی اس دہشت گردی کی مذمت تک نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ تینوں صوبے بدترین دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ پنجاب میں انتخابی سرگرمیاں عروج پرہیں جوکہ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد پرایک سوالیہ نشان ہے۔اجلاس میں بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ ایم کیوایم کے خلاف دہشت گردی میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ملک بھر میں پر امن انتخابی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے،۔