ڈیرہ غازی خان میں غریب محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کا واقعہ کھلی بربریت ہے، سیف یارخان
طاقتور افراد خود ہی مدعی اور منصف بن کر غریب افراد کو من مانی سزا دے رہے ہیں
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اس واقعہ میں ملوث عناصر کوگرفتارکرکے سخت ترین سزا دلوائیں
کراچی۔۔۔24، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یارخان نے ڈیرہ غازی خان میں چوری کے الزام میں ایک غریب محنت کش کے دونوں ہاتھ کاٹے جانے کے واقعہ کو کھلی بربریت اور قانون کا کھلا مذاق اڑانے کے مترادف قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں سیف یارخان نے کہاکہ اطلاعات کے مطابق بعض افراد نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی بالا میں ایک محنت کش طفیل احمد پر خود ہی چوری کا الزام لگاکر اور خودہی منصف بن کراس کے ہاتھ کاٹنے کا فیصلہ دے ڈالا اور چارے کی مشین میں ڈال کراس کے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ شخص پر اس واقعہ میں ملوث ہونے کا شبہ تھا تو کیا اسے عدالت میں پیش نہیں کرنا چاہئے تھا ؟ کیا اس شخص کو اپنے قانونی دفاع کا حق نہیں تھا؟انہوں نے کہاکہ طاقتور اور بااثر افراد جس طرح خود ہی مدعی اور منصف بن کر غریب افراد کو من مانی سزا دے ڈالتے ہیں وہ قانون کے منہ پر طمانچہ کے مترادف ہے ۔
سیف یارخان نے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے مطالبہ کیا ڈیرہ غازی خان میں غریب محنت کش کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس بربریت میں ملوث سفاک عناصر کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔