ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر دہشت گردوں کے حملہ پر الطاف حسین کا شدیداظہار مذمت
دہشت گردی کے واقعات اورحملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے ؟
ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت وجرات کرسکتا ہے ؟
نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے الطاف حسین کا سوال
دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیوایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کردیا جائے، رابطہ کمیٹی کوہدایت
تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ایم کیوایم کے کارکنان پر دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے
لندن۔۔۔23،اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پیپلزچورنگی میں واقع کیفے پیالہ کے قریب ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے حملے میں ایم کیوایم کے متعددذمہ داران وکارکنان کے شہیدو زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے نگراں حکومت اورچیف الیکشن کمیشنرآف پاکستان فخرالدین جی ابراہیم کی توجہ تواتر کے ساتھ ایم کیوایم کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور ان پر مسلح دہشت گردوں کے حملوں پر دلاتے ہوئے کہاکہ امن وامان قائم رکھنا الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن گزشتہ چند روز میں ایم کیوایم کے ایک نامزد امیدوار سمیت 25 سے زائد ذمہ داران اورکارکنان دہشت گردحملوں میں شہید کئے جاچکے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت سے سوال کیا کہ روزانہ ہونے والے ان دہشت گردی کے واقعات اورحملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے ؟اور ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت وجرات کرسکتا ہے ؟
جناب الطاف حسین نے کہاکہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ایم کیوایم کی انتخابی مہم کے دوران کئے جانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم باربار اس بات کی نشاندہی کرچکی ہے کہ ایم کیوایم ، اے این پی اور پی پی پی کو انتخابی عمل سے دوررکھنے کیلئے دہشت گردعناصر کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ایم کیوایم کے باربار توجہ دلانے اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات کے باوجود ابھی تک امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیار نہیں کیا گیا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیوایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کردیا جائے اور اس فیصلے کی تحریری اطلاع دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات کے ساتھ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیج دی جائے ۔
جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ حملے میں زخمی ہونے والے کارکنان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں۔