میٹھادر میں ایم کیوایم کے کارکن محمد عمیر کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، الطاف حسین
کارکنان کے قتل میں ملوث سفاک قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کسی قسم کے ٹھوس اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں
بد نام زمانہ دہشت گردوں کو ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کے قتل کا کھلا لائسنس دیدیا گیا ہے
لندن ۔۔۔ 20، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم رنچھوڑلائن سیکٹر یونٹ یوسی 3-بی کے جواں سال کارکن محمد عمیرولد محمد فیروزالدین کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورشہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدردوں کے بہیمانہ قتل کا سلسلہ جاری ہے لیکن سفاک دہشت گردوں اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کسی قسم کے ٹھوس اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں اور بے گناہ کارکنان کے قتل کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ایم کیوایم کو انتخابی مہم سے باہر رکھنے اور اسے آئینی ، قانونی اور جمہوری حق سے محروم رکھنے کیلئے بدنام زمانہ دہشت گردوں کوایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کے قتل کا کھلالائسنس دیدیا گیا ہے ۔جناب الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میرہزار خان کھوسو ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کے قتل کے مسلسل واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور بے گناہ کارکنان کے سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے محمد عمیر شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد عمیر شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)