ایم کیوایم نے ملک بھرسے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے نشستوں پرنامزدامیدواروں کے حتمی ناموں کااعلان کردیا
انتخابی امیدواروں ناموں کااعلان ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین نے لال قلعہ گراؤنڈ میں ٹیلی فونک خطاب کے دوران کیا
کراچی:۔۔۔20؍اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ نے عام انتخابات 2013ء کیلئے کراچی ، اندرون سندھ ، صوبہ پنجاب ، صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی قومی اسمبلی کے221انتخابی حلقوں اور صوبائی اسمبلی کے 450انتخابی حلقوں کیلئے حق پرست امیدواروں کے حتمی ناموں کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے ۔ملک بھر سے نامزد قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر حق پرست امیدواروں کے حتمی ناموں کااعلان ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین نے ہفتہ کے روزلال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں منعقدہ اجلاس سے لندن سے ٹیلیفونک خطاب کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم نے کراچی کے قومی اسمبلی کے 20حلقوں ، اندرون سندھ کے 41قومی اسمبلی کے حلقوں ، پنجاب کے 132 قومی اسمبلی کے حلقے ، خیبر پختونخوا کے 21قومی اسمبلی کے حلقے اور بلوچستان کے 07قومی اسمبلی کے حلقوں پر حق پرست امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا ہے جبکہ اسی طرح ایم کیوایم نے کراچی کے صوبائی اسمبلی کے 42حلقے ، اندرون سندھ کے 86 صوبائی حلقے ، پنجاب کے 256صوبائی حلقے ، خیبر پختونخوا کے 45 صوبائی حلقے اور بلوچستان کے 21صوبائی حلقوں پر حق پرست امیدواروں کے حتمی ناموں کا بھی اعلان کیا ہے ۔ ملک بھر سے نامزد ایم کیوایم کے امیدواروں میں تمام مذاہب ، مسالک اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے غریب ومتوسط طبقے کے افراد شامل ہیں جن میں اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔جناب الطاف حسین نے ملک بھر سے نامزد ایم کیوایم کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی دعاکرتے ہوئے تمام امیدواروں کوہدایت کی وہ حق پرست قیادت کی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک وقوم کی بے لوث خدمت،ترقی وخوشحالی اورفلاح وبہبودکیلئے اپنی زندگیاں وقف کردیں کیونکہ یہی ایم کیوایم کاپیغام اورمشن ومقصدہے۔ایم کیوایم واحد جماعت ہے جس نے ملک میں حقیقی تبدیلی کانہ صرف نعرہ لگایابلکہ ماضی کی روایات کوبرقراررکھتے ہوئے 2013ء کے انتخابات میں ملک بھرسے غریب متوسط طبقے کے پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوان قیادت کومتعارف کروایا۔