Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

پاکستان کو اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا ہے،الطاف حسین


پاکستان کو اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا ہے،الطاف حسین
 Posted on: 4/20/2013
پاکستان کو اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا ہے،الطاف حسین
پاکستان کو درپیشخطرات کے پیش نظر ارباب اختیار اورتمام سیاسی رہنماؤں سے جھولی پھیلاکر امن کی بھیک مانگتا ہوں
تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کرکے پاکستان کو بچالیں
خدارا!! دھماکے کرکے غریبوں کو نقصان نہ پہنچائیں ، ہتھیار پھینک کرقومی دھارے میں شامل ہوں، طالبان رہنماؤں سے اپیل
عوام کودلائل سے ہمنوا بنایاجاتا ہے ، دھماکوں سے کبھی بھی ہمنوا نہیں بنایا جاسکتا، الطاف حسین
اگر کسی کو کومیری ذات سے کسی بھی قسم کی تکلیف پہنچی ہے تو میں ہاتھ جوڑ کر اس سے معافی مانگتاہوں، الطاف حسین
دہشت گرد عناصرروشن خیال اور لبرل جماعتوں کو بندوق کی طاقت سے انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش کررہے ہیں 
ایم کیوایم کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کیا جائے اور ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے
لال قلعہ گراؤنڈ میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب اور پاکستان بھرسے نامزد امیدواروں کے ناموں کا اعلان
لندن۔۔۔20، اپریل 2013ء
تصاویر
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ اس وقت پاکستان کو جن اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا ہے ان کے پیش نظر میں ارباب اختیار اورملک کے تمام سیاسی رہنماؤں سے جھولی پھیلاکر امن کی بھیک مانگتا ہوں۔ میں سب سے کہتا ہوں کہ خدارا!! بندوقیں پھینک دو، ایک دوسرے کو تسلیم کرواور پاکستان کو بچالو۔ جناب الطاف حسین نے طالبان رہنماؤں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خدارا!! دھماکے کرکے غریبوں کو نقصان نہ پہنچائیں ، ہتھیار پھینک کرقومی دھارے میں شامل ہوں اور دلائل سے لوگوں کو ہمنوا بنائیں کیونکہ بم دھماکوں سے لوگوں کو ہمنوا نہیں بنایاجاسکتا۔ 
ان خیالات کا اظہار جناب الطاف حسین نے لال قلعہ گراؤنڈعزیزآباد میں ایم کیوایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیاجس کے دوران آئندہ انتخابات کیلئے پاکستان بھرسے ایم کیوایم کے نامزد امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ناموں کااعلان کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان بھر سے نامزد ایم کیوایم کے امیدواران بھی موجود تھے ۔اپنے خطاب میں جناب الطا ف حسین نے پاکستان بھر سے قومی اسمبلی کے لئے 221 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے 450 نامزدامیدواروں کا اعلان کیا اورکہاکہ پورے پاکستان کی 22 جنرل نشستوں پر خواتین حصہ لے رہی ہیں۔
اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے عہدیداروں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ رپورٹ نہیں ملنی چاہئے کہ ایم کیوایم کے زیراثر علاقوں میں کسی اور جماعت کا بینر یاپوسٹر پھاڑا گیا ہو۔ اگر ایسی اطلاع ملی اورتحقیقات کے نتیجہ میں الزام ثابت ہوگیا تو اس میں ملوث افراد کو فوری طور پر تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جائے گاخواہ وہ تحریکی ذمہ دار اور کارکن ہو یا انتخابی امیدوارہو۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کو بہت سے اندرونی وبیرونی خطرات کا سامناہے اس لئے میں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کو تسلیم کرکے پاکستان کو بچالیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں جھولی پھیلاکر سب سے امن کی بھیک مانگتا ہوں ۔ خدارا!! بندوقیں پھینک دو، ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کرو اور باہمی اختلافات کی بنیاد پرایک دوسرے کو نقصان پہنچانا بند کرو۔ 
جناب الطاف حسین نے پاک فوج کے جوانوں کوخصوصی خراج تحسین پیش کیا جو وادی تیراہ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز کا دفاع کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ جوان مادرملت کیلئے جس طرح قربانیاں دے رہے ہیں اس پرمیں انہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے طالبان رہنماؤں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ سے بھی انتہائی خلوص کے ساتھ اپیل کرتا ہوں کہ خدارا!! ہتھیارپھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ خدارا!! دھماکے کرکے غریبوں کا نقصان نہ کریں ، عوام کودلائل سے ہمنوا بنایاجاتا ہے ۔ انہیں دھماکوں سے کبھی بھی ہمنوا نہیں بنایا جاسکتا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں امن چاہتا ہوں۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرتا ہوں ، جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں کو انتخابات میں بھرپورطریقہ سے حصہ لینے کا حق ہے ۔ پاکستان سب کا ہے ، کسی ایک کی جاگیرنہیں ہے ، ہمیں ایک دوسرے کی حفاظت کرنی چاہئے ، ایک دوسرے کو تباہ نہیں کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو کومیری ذات سے کسی بھی قسم کی تکلیف پہنچی ہے تو میں ہاتھ جوڑ کر اس سے اللہ اور رسولؐ کے واسطے معافی مانگتا ہوں اور کہتا ہوں کہ میں نے آپکو معاف کیا ، آپ مجھے معاف کردیں۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملاقات کی دعوت دیں یا ان سے جاکر ملیں اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلائیں ، ان سے کہیں کہ ہمیں ایک دوسرے کوگالی دینے کی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ11، جون1978ء کو اے پی ایم ایس او کا قیام عمل میں آیا ، اس طلباء تنظیم نے 18، مارچ1984ء کو عوامی تحریک ایم کیوایم کوجنم دیا جو کہ جولائی 1997ء میں متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کردی گئی۔ایم کیوایم کی 35 سالہ جدوجہد کے دوران پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلیوں اور محلوں سے نکلنے والی غریب ومتوسط طبقہ کی یہ قیادت بلدیاتی، صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پہنچی ۔ ایم کیوایم کسی ایک علاقے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے ۔35 سالہ جدوجہد کے دوران ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان شہیدہوئے ، ہزاروں کو قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، ہزاروں کارکنان سرکاری ٹارچرسیلوں میں انسانیت سوز تشدد کے باعث معذورہوگئے جبکہ الطاف حسین سمیت ہزاروں کارکنان کو جلاوطنی کی کربناک زندگی گزارنی پڑی۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین گزشتہ 22 برسوں سے اپنے پیاروں سے جسمانی طور پر دور ہے لیکن نہ الطاف حسین کے حوصلے پست ہوئے نہ اس کے کارکنان وعوام نے ہمت ہاری ۔یہ قائد اور کارکنان کے درمیان عجیب محبت ہے کہ نہ کارکنان مجھے چھوڑتے ہیں نہ میں اپنے ساتھیوں اور عوام کو چھوڑتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم میں لوٹے اور لوٹیاں نہیں ہوتیں بلکہ مجاہد اور مجاہد ہ ہوتی ہیں۔ایم کیوایم کی جدوجہد کے دوران جب بھی مشکل اور کڑا وقت آیا تو تحریک کی خواتین اور بزرگوں نے بہادری کامظاہرہ کیا اورآج تک ثابت قدم ہیں۔ 
جناب الطاف حسین نے کہاکہ بلوچستان ، پاکستان کا سب سے پسماندہ اور مظلوم صوبہ ہے لیکن انشاء اللہ ایم کیوایم بلوچستان کے عوام کے حقوق دلاکر دم لے گی اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی ۔ صوبہ سندھ ، پاکستان کو چلارہا ہے ، ٹیکسوں اورر یونیو کی مد میں 70 فیصد قومی خزانے میں جمع کراتا ہے ، حق پرستی کا پیغام سندھ دھرتی میں پھیل رہا ہے انشاء اللہ صوبہ سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ ایم کیوایم کا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ لیاری کے 99 فیصد عوام ایماندار، محنت کش اور بہادر ہیں جبکہ ایک فیصد جرائم پیشہ عناصر نے لیاری کے عوام کو یرغمال بنارکھا ہے ، انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں لیاری کے عوام ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کوکامیاب بنائیں گے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں صاف ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کا تقاضہ ہے کہ تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی آزادی دی جائے لیکن بعض دہشت گرد عناصر روشن خیال اور لبرل جماعتوں کو بندوق کی طاقت سے انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش کررہے ہیں ۔ متحدہ قومی موومنٹ ، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلزپارٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ باقی جماعتیں آزادی سے الیکشن مہم چلارہی ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان ، سپریم کورٹ اور نگراں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اس امتیازی سلوک اور ناانصافیوں کا فی الفور نوٹس لیناچاہئے ۔صوبہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت ایم کیوایم کو آزادی کے ساتھ انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے ،ایم کیوایم کو دیوار سے لگاکر اس کے آئینی ، قانونی اور جمہوری حق سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،اس کے نامزد امیدواروں ، ذمہ داروں ،کارکنوں اورہمدردوں کو شہید کیاجارہا ہے۔دیگر سیاسی جماعتوں کو جلسہ جلوس کی آزادی دی جارہی ہے جبکہ ایم کیوایم کو اس کے کارکنان وہمدردوں کی لاشیں دی جارہی ہیں۔ 
جناب الطاف حسین نے گزشتہ چند روز کے دوران ایم کیوایم کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد میں پختون امیدوار برائے صوبائی اسمبلی فخرالاسلام، ایم کیوایم کی لٹریچر کمیٹی کے رکن شیراز افسر، رنچھوڑلائن سیکٹر یونٹ 34 کے کارکن عامرشیخ ، لیاقت آباد سیکٹر کے کارکن عارف اللہ ، کورنگی سیکٹر کے کارکن محمد حسن ، ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن سعید خان، سولجربازار کے علاقے میں ایم کیوایم کے ہمدردچارسٹی وارڈن کو گولیاں مارکرشہیدکردیا گیاجبکہ دوروز قبل محمود آبادمیں ایم کیوایم کے جوائنٹ یونٹ انچارج محمد فیصل کو شہید کیا گیا اور گزشتہ روز ایم کیوایم لیاری سیکٹر یونٹ 32 کے کارکن محمد خلیل احمد کے بڑے بھائی شکیل احمد، چچازاد بھائیوں نوید احمد ،عبدالخالق اور ایم کیوایم کے ہمدرد ندیم بہادر کو لیاری کے علاقے سے 
اغواء کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر شہیدکردیا گیا اور ان کی لاشیں شیرشاہ اور میوہ شاہ قبرستان میں پھینک دی گئیں ۔ 
جناب الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسو، نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے سربراہان سے بصدادب سوال کیا کہ ایم کیوایم کے خلاف دہشت گردی پر آپ کہاں ہیں ؟ سفاک قاتلوں کو گرفتارکیوں نہیں کیاجارہااور ایم کیوایم کو دیوارسے لگاکر اسے انتخابات سے باہر رکھنے اور اسے آئینی ، قانونی اور جمہوری حق سے محروم کرنے کی سازش کیوں کی جارہی ہے؟ سفاک قاتلوں کو بے گناہ شہریوں کے قتل کے لائسنس کیوں دیئے جارہے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم عوامی جماعت ہے جسے عوام کا بھرپورمینڈیٹ حاصل ہے ۔ ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کیاجائے ، ایم کیوایم کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کیا جائے اور ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
جناب الطاف حسین نے اس موقع پر اجتماع کے شاندار انتظامات کرنے والے تمام کارکنان کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ایم کیوایم کے شہید کئے جانے والے کارکنوں اور ہمدردوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور شہداء کے لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔(آمین)

12/23/2024 6:50:10 AM