سندھ بھر میں ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کے خلاف یوم سوگ منایا گیا
عمارتوں ، دفاتر، شاہراہوں اورایم کیوایم کے دفاتر پر سیاہ پرچم اور بینرز لگائے گئے
سندھ بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے
کراچی:۔۔۔19،۱پریل2013ء
ایم کیوایم محمود آباد سیکٹر کے عہدیدار محمد فیصل سمیت ایم کیوایم کے کارکنان کے مسلسل بہیمانہ قتل کے خلاف ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی اپیل پر سندھ بھر میں پر امن یوم سوگ منایا گیا، شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے قران خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔یوم سوگ کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر،عمارتوں، تجارتی مراکز، بازاروں اور مکانات پر سیاہ پرچم لگائے گئے اور سیاہ بینرزآویزاں کئے گئے جن میں حق پرست شہداء کو خراج عقیدت اور بے گناہ کارکنان کے قتل کے خلاف مذمتی کلمات تحریر تھے۔ یوم سوگ کے سلسلے میں ایم کیوایم کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قران خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی اورتمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ عوام نے اپنے علاقوں کی مساجد میں بھی قران خوانی کا اہتمام کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعائیں کیں۔کراچی کی طرح اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ایم کیوایم کی اپیل پر یوم سوگ منایا گیا۔حیدرآباد،سکھر ،نواب شاہ، میر پورخاص ، ٹنڈو الہیار،سانگھڑ، ٹنڈو آدم ،شہداد پور، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے مسلسل قتل کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج دیکھنے میں آیا۔ اہم شاہراہوں ، چوراہوں ، گھروں اور ایم کیوایم کے دفاترپر بھی سیاہ پرچم اور بینرز لگائے گئے جبکہ ایم کیوایم کے زونل دفاتر میں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قران خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی۔