ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کچلنے کی سازشیں ہو رہی ہیں ، ایم کیو ایم امریکہ
ایم کیو ایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے کالعدم تنظیموں اور دہشت گرد گروپوں کو فعال کر دیا گیا
واشنگٹن ڈی سی :۔۔۔13،اپریل 2013ء
ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ، جوائنٹ سینٹرل آرگنائزرمحمد ارشد حسین سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے ایم کیوایم کے سینئر پختون عہدیدار ، سابق حق پرست کونسلر اور حیدرآباد کے حلقہ پی ایس 47سے نامزد امیدوار فخر الاسلام اور اے پی ایم ایس او کے سابق عہدیدار اور ایم کیوایم لٹریچر کمیٹی کے عہدیدار سید شیراز اظفر کے بہیمانہ قتل کے واقعات کی شد ید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات کو انتخابات میں ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو کچلنے کی سازش قراردیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی نے کہا کہ انتخابات کے نزدیک آتے ہی ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور ایم کیو ایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے کالعدم تنظیموں اور دہشت گرد گروپوں کو فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ایم کیو ایم کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن جاری ہے جس کے ذریعے ایم کیو ایم کے انتخابی دفاتر کو بند کرایا جا رہا ہے، بیگناہ کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف دہشت گرد تنظیمیں بلا خوف و خطر ایم کیو ایم کے معصوم کارکنان اور شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کچلنے کی کوششیں کرنے والی قوتیںیہ اچھی طرح سمجھ لیں کہ وہ ایم کیو ایم کو نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنے کا گھناؤنا عمل کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی، خوف، دہشت اور غنڈہ گردی سے عوام کے دلوں سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی محبت کو نکالا نہیں جاسکتا اور عوام اپنے اتحاد سے ایم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ آخر میں انہوں نے شہداء کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت اور سوگواران کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزرو اراکین آرگنائزنگ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسہ ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے امیدوار فخر الاسلام اور اے پی ایم ایس او کے سابق عہدیدار سید شیراز اظفرکے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں قرا رواقعی سزا دی جائے ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی نے سید شیراز اظفر کی شہادت پر ڈیٹرائٹ یونٹ کے انچارج محمد نظام الدین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ شہید شیراز اظفر محمد نظام الدین کے بھتیجے تھے۔