ملک کے چپہ چپہ میں ایم کیوایم کے انقلابی پیغام کا پھیلنا اور غریب و متوسط طبقہ کے عوام کا ایم کیوایم کے قافلے میں شامل ہونا ہماری کامیابی ہے، الطاف حسین
شہیدوں کی قربانیوں، ساتھیوں کی محنت و لگن اور عوام کی حمایت سے ایم کیوایم شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوگی
ہزاروں کارکنوں نے تحریک کے نظریہ اور مشن و مقصد کی خاطر اپنی جانوں کو قربان کر دیا مگر تحریک کو چھوڑنا گوارا نہیں کیا
نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان سے گفتگو
لندن ۔۔3اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ پور ے ملک میں ایم کیوایم کاا قتدار آئے یانہ آئے ملک کے چپہ چپہ میں ایم کیوایم کے انقلابی پیغام کا پھیلنا اور وہاں رہنے والے غریب و متوسط طبقہ کے عوام کا ایم کیوایم کے قافلے میں شا مل ہونا ہماری کامیابی ہے ۔انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکز نائن زیر و پر رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان سے گفتگو کر تے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ حق پرستی کی اس تحریک نے اپنی 35سالہ جدوجہد میں کئی نشیب وفراز کا سامنا کیا اور ہمارے ہزاروں پیارے پیارے کارکنوں نے تحریک کے نظریہ او رمشن و مقصد کی خاطر اپنی جانوں کو قربان کر دیا مگر تحریک کو چھوڑنا گوار ا نہیں کیا ، ایسے ہی عظیم شہیدو ں کے مقدس لہو اور ساتھیوں کی ثابت قدمی اور مستقل مزاجی کی بدولت آج ایم کیو ایم کا حق پرستانہ پیغام ملک کے گوشے گوشے میں پھیل چکا ہے ۔انہوں نے تمام تر مصائب ومشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود انتخابی سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر رابطہ کمیٹی ،تما م شعبہ جات، زونوں ،سیکٹروں ، یونٹوں اور چاروں صوبوں کے اضلاع کے کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے شاباش اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ آپ ثابت قدمی اورمستقل مزاجی سے اپنا کام جاری رکھیئے اور اس بات پر یقین رکھیئے کہ ماضی کی طرح حالیہ امتحانات اور آزمائشوں کے باوجود اللہ تعالیٰ کے فضل ،شہیدوں کی قربانیوں ،ساتھیوں کی محنت و لگن اور عوام کی حمایت سے ایم کیوایم شاندرا کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔