ایم کیوایم کا انتخابی منشور ایک انقلابی منشور ہے۔ الطاف حسین
ایم کیوایم غریب و متوسط طبقہ کی حکمرانی کا انقلاب برپا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے
ایم کیوایم سینٹرل پنجاب کے ذمہ داروں،کارکنوں اور امیدواروں سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن ۔۔۔ 2 اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کاانتخابی منشور ایک انقلابی منشورہے جوفلسفہ ء حقیقت پسندی اورعملیت پسندی کی بنیادپرتیارکیاگیاہے۔ انہوں نے یہ بات لاہورمیں پنجاب ہاؤس پر ایم کیوایم سینٹرل پنجاب کے ذمہ داروں ،کارکنوں اورانتخابی امیدواروں سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ایک صحیح اورسچی انقلابی تحریک ہے جوملک میں حقیقی معنوں میں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کاانقلاب برپاکرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے جاگیردار ، وڈیرے اور بڑے بڑے سرمایہ دار ایم کیوایم اوراس کے انقلابی پیغام کوپسند نہیں کرتے ۔انہوں نے کہاکہ تمام تر سازشوں اورپروپیگنڈوں کے باوجودایم کیوایم کانظریہ ملک کے چپہ چپہ میں پھیل رہاہے ۔ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین نے سینٹرل پنجاب کے تمام حق پرست کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ آپ کی یہ جدوجہد ملک میںآنے والے انقلاب میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے سینٹرل پنجاب کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں کو شاباش دی اور ان کے عزم و حوصلہ کی تعریف کی۔