کراچی حلقہ بندیاں ایم کیو ایم امریکہ نے اقوام متحدہ میں یادداشت جمع کرادی ۔
نیویارک :۔۔۔۔30مارچ 2013ء
کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم امریکہ نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں اپنی یاداشت جمع کرادی ہے۔ اقوام متحدہ میں کراچی حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات اور خدشات پر مبنی یادداشت ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے جمع کرائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے جوائنٹ سینٹرل آرگنائزرمحمد ارشد حسین ، رکن سینٹرل کمیٹی وکیل جمالی سمیت نیویارک چیپٹر سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور ہمدردوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی یادداشت میں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کو ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو چرانے اور ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا گیا ہے۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان میں غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ لبرل، پروگریسواور جمہوری جماعت ایم کیو ایم کو دبانے کے لئے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ یادداشت میں پاکستانی آئین کی مختلف شقوں کا حوالہ دے کر مردم شماری کے بغیر نئی حلقہ بندیوں کو آئین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی یادداشت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے اعلان کے بعد صرف کراچی شہر میں حلقہ بندیوں کے فیصلے کو سراسر بدنیتی اور ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو تقسیم کرنے کی کوششوں کا تسلسل بتایا گیا ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے یادداشت میں اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل کمیونیٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان اور بالخصوص کراچی میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جمع ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکنان سے مختصر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت نئی حلقہ بندیوں کو قبول نہیں کریں گے اور قومی وبین الااقوامی فورمز پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔