پرویز مشرف کے خلاف غیرشائستہ عمل سے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوگی، الطاف حسین
بااختیارادارے اورعدلیہ کو سابق صدرکے خلاف غیراخلاقی عمل کا نوٹس لینا چاہئے ۔کوئی شخص اپنے اوپرلگے الزام کیلئے اگر عدالت میں پیش ہوتا ہے تو اسے ایک اچھا عمل سمجھا جائے۔
لندن۔۔۔29، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سندھ ہائی کورٹ میں بعض عناصر کی جانب سے سابق صدر پاکستان ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف پرجوتے اوربوتل کے ڈھکن پھینکنے کے عمل پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج سابق صدر پرویز مشرف پر سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران جن عناصرنے ان پرجوتے اوربوتل کے ڈھکن پھینکنے کا عمل کیا وہ انتہائی غیرشائستہ اورغیرمہذبانہ ہے، اس عمل کی کوئی بھی ذی شعورشہری مذمت کئے بغیرنہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سابق صدر کے خلاف غیراخلاقی اور غیرشائستہ عمل سے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوگی بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوگالہٰذا ایسی حرکت کا ارتکاب کرنے والے عناصر کو بھی یہ سوچنا چاہئے کہ کوئی شخص اپنے اوپرلگے الزام کیلئے اگر عدالت میں پیش ہوتا ہے تو اسے ایک اچھا عمل سمجھا جائے اور اسے اپنے دفاع کا پورا حق دیا جائے لیکن ناشائستہ اورغیرمہذبانہ عمل اختیار کرنا کسی طور بھی مناسب نہیں ہے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت، عدلیہ اور بااختیار اداروں سے بھی کہاکہ وہ اس واقعہ کا نوٹس لیں۔