سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون
جمہوری حکومت کے پانچ سال کی تکمیل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا
آپ جیسے رہنماء ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ راجہ پرویز اشرف کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے گفتگو
اللہ تعالیٰ آپ کو ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صلاحیتیں استعمال کرنے کا موقع عطا کرے۔ الطاف حسین
لندن۔25مارچ2013ء
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پیر کی دوپہر لندن فون کرکے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سے بات کی اور جمہوری حکومت کے پانچ سال کی تکمیل میں ایم کیوایم اور جناب الطاف حسین کے تعاون پران کا شکریہ ادا کیا۔راجہ پرویز اشرف نے جناب الطاف حسین سے کہا کہ آپ میں زبردست قوت فیصلہ ہے جو جمہوری عمل کو جاری رکھنے میں انتہائی مددگار رہی۔ بلوچستان کی صورتحال سمیت دیگر مواقع پر جس طرح آپ نے رہنمائی کی اور رتعاون کامظاہرہ کیا اس میں انہیں بڑی تقویت ملی۔ انہوں نے جناب الطاف حسین سے کہا کہ آپ جیسے رہنماء ملک وقوم کا سرمایہ ہیں جس کا میں برملا اظہار کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ جناب الطاف حسین نے راجہ پرویز اشرف سے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے صلاحیتیں استعمال کرنے کا موقع عطا کرے۔