آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبد المجید کی سربراہی میں آزاد و مقبوضہ کشمیر کے وسیع البنیاد اور نمائندہ وفد کی نائن زیرو پر ڈاکٹر فاروق ستار اور محترمہ نسرین جلیل سے ملاقات
وفد نے مسئلہ کشمیر کو ایم کیوایم سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھرپورانداز میں اجاگر کرنے کی اپیل کی
ایم کیوایم کو کشمیریوں کے دکھ اور درد کا احساس ہے، ہم پاکستان کی بقاء و سلامتی پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید
سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر رکھنے کیلئے اپنے مؤقف اور اس کے تسلسل کو قائم رکھیں ، ڈاکٹر فاروق ستار
ملاقات کے بعد نائن زیرو کے باہر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو
تصاویر
کراچی ۔۔۔24، مارچ2013ء
آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبد المجید کی سربراہی میں آزاد و مقبوضہ کشمیر کے ایک وسیع البنیاد اورنمائندہ وفد نے اتوار کی شام ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کا دورہ کیا اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر زڈاکٹر فاروق ستار اور محترمہ نسرین جلیل سے ملاقات کی۔ وفد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حق پرست گروپ کے پالیمانی لیڈر طاہر کھوکھر ، رکن سلیم بٹ ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا سعید یوسف ، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے نمائندے صغیر چغتائی ، APHC(گیلانی گروپ ) کے کنوینر غلام محمد صفی ، APHCمیر واعظ گروپ کے کنوینر محمود احمد ساغر ، لبریشن فرنٹ کے رفیق ڈار ،سیکریٹری جموں کشمیر لبریشن ڈاکٹر محمود ا لحسن راجہ اور ڈائریکٹر راجہ محمد سجاد خان شامل تھے جبکہ اس موقع پر حق پرست سینیٹر بابر خان غوری بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید پاکستان کی سیاسی ، سماجی ، معاشی ،اقتصادی صورتحال ، داخلی و بیرونی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور مسئلہ کشمیر کوایم کیوایم سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کی اپیل کی ۔ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید نے کہا کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کا نمائندہ وفد نائن زیرو ایم کیوایم کی لیڈر شپ کے پاس اس لئے آیا ہے کہ حق پرستی کی جدوجہد میں ایم کیوایم نے بھی قربانیاں دیں ہیں اور اپنے گھر بار چھوڑے ہیں ، ایم کیوایم کو کشمیریوں کے دکھ اور درد کا احساس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کی بقاء وسلامتی پر یقین رکھتے ہیں ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہم کسی سرمایہ دار اور جاگیردار کے پاس نہیں جارہے ہیں بلکہ ہم نظریاتی لوگوں کے پاس جارہے ہیں ، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے مقبوضہ کشمیر پر واضح مؤقف اختیار کیا ہوا ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی امن کا گہوار ہ تھا ، یہاں انسانوں کا خون بہایا جارہا ہے جس پر اہل کشمیر روتے ہیں ، شہر کراچی میں امن ہوگا تو ملک مستحکم ہوگا اور ملک مستحکم ہوگا تو مسئلہ کشمیر بھی حل ہوگا ۔ انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل کہ وہ تمام اختلافات کوبھول جائیں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور خطے میں امن کے قیام کیلئے ایک نکتہ پر متفق ہوجائیں ۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آزاد و جموں کشمیر کا نمائندہ وفد آج ہمارے پاس آیا ہے اور انشاء اللہ ایسا وقت بھی آئے گا جب پاکستان سے بھی ایک سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک وسیع البنیادوفد آزاد کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کے نمائندوں سے ملاقات کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2013کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگیا ہے اورآزاد اور مقبوضہ کشمیر کے وسیع البنیاد نمائندہ وفد کا بھی بنیادی مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے منشورمیں مسئلہ کشمیر کو شامل کریں ،سیاسی جدوجہد میں مسئلہ کشمیرکے حل اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر رکھنے کیلئے اپنے مؤقف اور اس کے تسلسل کو قائم رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جہاں بڑا انسانی مسئلہ ہے وہیں پرمسئلہ کشمیر بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا بھی ہے جہاں ہزاروں لاکھوں لوگوں نے جان ، مال اور عصمتوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں اور مختلف نظریات رکھنے والی جماعتوں میں قومی ایشوز پر اختلاف رائے ہونے کے باوجود ان میں مسئلہ تقسیم پر کم و بیش ہم آہنگی پائی جاتی ہے ،مسئلہ کشمیر پر ہم آہنگی اور سوچ و فکر کی یکسانیت کا اظہار اور واضح طور پراور بار بار ہوناچاہئے تاکہ مسئلہ کشمیر اس کی اصل روح کے مطابق پوری دنیا میں اجاگر ہوتا رہے ۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم مسئلہ کشمیر کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اورر قومی سطح پر بھی ہم اپنی ذمہ داریاں ہیں پورا کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر پر جناب الطاف حسین کا مؤف اوضح ہے کہ جو کشمیر یوں کا فیصلہ وہی کشمیر کا فیصلہ ہے اور یہ ہمارا نعرہ بھی ہے ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک بھارت اہم فریق ہیں تاہم جب تک مذاکرات کے عمل میں کشمیریوں کو شامل نہیں کیا جاتا اس وقت تک مسئلہ کشمیر کا حل ، خطے میں پائیدار امن قائم کا قیام اور خوشحالی کے سفر کے آغاز کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ سیاس جماعتیں انتخابات2013ء کے موقع پر منشور میں بھر پور طریقے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور پاکستان میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے وقت کی اہم ضرورت ہے ۔