سابق صدرمملکت جنرل ریٹائرڈپرویزمشرف کوپاکستان آنے اورسیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اسی طرح آئینی وقانونی حق حاصل ہے جس طرح مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی قیادت کوحاصل تھا۔الطاف حسین
جنرل ریٹائرڈپرویزمشرف نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کروالی ہے لہٰذااسکے بعدانکی گرفتاری کاکوئی جواز نہیں رہتا
جنرل پرویزمشرف آرمی چیف ہونے کے ساتھ ساتھ صدرپاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں لہٰذا انہیں وطن واپسی پر مکمل سیکوریٹی فراہم کرنا وفاقی وصوبائی حکومت کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے
ایم کیوایم نے کسی کونہ تو سابق صدرپرویزمشرف کے استقبال کے احکامات دیے ہیں اور نہ ہی کسی کوممانعت کی ہے
اگرکوئی انکے استقبال کیلئے جاناچاہے تویہ اس کا جمہوری حق ہے اورجونہ چاہے یہ بھی اس کاجمہوری حق ہے۔ سینئر صحافیوں سے فون پر گفتگو
لندن ۔۔۔ 23 مار چ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ سابق صدرمملکت جنرل ریٹائرڈپرویزمشرف کوپاکستان آنے اورسیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اسی طرح آئینی وقانونی حق حاصل ہے جس طرح مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی قیادت کوحاصل تھا۔انہوں نے یہ بات آج ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے مختلف سینئر صحافیوں سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔جنرل پرویزمشرف کی وطن واپسی پران کی گرفتاری یاسیاسی پابندیوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ میں ذاتی طورپر یہ سمجھتاہوں کہ جس طرح پیپلزپارٹی کی سربراہ محترمہ بینظیربھٹوشہید اور صدر آصف علی زرداری کے خلاف مختلف مقدمات قائم ہونے کے باوجودانہیں پاکستان واپس آنے کی اجازت دی گئی اسی طرح جنرل پرویزمشرف کوبھی ان پر قائم مقدمات کے باوجود پاکستان واپس آنے اورسیاست میں حصہ لینے کاپوراحق حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیاپرآنے والی اطلاعات کے مطابق جنرل پرویزمشرف نے عدالت سے اپنے مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کروالی ہے لہٰذااسکے بعدان کی گرفتاری کاکوئی جوازباقی نہیں رہتا اور اگرکسی اورمقدمہ میں انہیں گرفتارکیابھی جاتاہے تومقدمہ کاحتمی فیصلہ ہونے تک انہیں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے ،جلسے جلوس کرنے اورالیکشن میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ جنرل پرویزمشرف چیف آف آرمی اسٹاف ہونے کے ساتھ ساتھ صدرپاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں لہٰذا انہیں وطن واپسی پر مکمل سیکوریٹی فراہم کرنا وفاقی وصوبائی حکومت کی آئینی وقانونی ذمہ داری بنتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم نے کسی کونہ تو سابق صدرپرویزمشرف کے استقبال کے احکامات دیے ہیں اور نہ ہی کسی کوممانعت کی ہے ، اگرکوئی انکے استقبال کیلئے جاناچاہے تویہ اس کا جمہوری حق ہے اورجونہ چاہے یہ بھی اس کاجمہوری حق ہے ۔ اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی نے کسی قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے ماسوائے اس وضاحت کے کہ ایم کیوایم نے پرویزمشرف کی پارٹی سے نہ توکوئی سیاسی اتحاد کیاہے اورنہ ہی کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔