جو قومیں اپنی آزادی کی قدر نہیں کرتیں وہ قومیں وقت کے ساتھ اپنی قدر و منزلت کھودیتی ہیں
ایم کیوایم پاکستان میں ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے جسکا خواب قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا، الطاف حسین
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ’’یومِ قرارداد پاکستان‘‘ کی مبارکباد
لندن:۔۔۔22؍ مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ’’ یوم قرار داد پاکستان‘‘ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادی ایک ایسی نعمت ہے جس کاجتناشکرادا کیا جائے کم ہے جوقومیں اپنی آزادی کی قدر نہیں کرتیں ان قوموں اپنی قدرومنزلت وقت کے ساتھ کھودیتی ہے اورانکا نام صفحہ ہستی سے مٹ جا تا ہے ۔ یوم پاکستا ن کے مو قع پرایک بیان میں جناب الطاف حسین نے23؍ مارچ 1940ء کو بانیان پاکستان نے ایک قرارداد منظور کرکے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن پاکستان کی بنیاد رکھی لیکن آزادی کے باوجود پاکستان کے عوام کو جاگیرداروں اور وڈیروں کے چنگل سے آزاد نہیں کرایا جاسکا ، فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث پاکستان دولخت ہوگیا اور آج باقی ماندہ پاکستان کی سلامتی و بقاء خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اقتدارنچلی سطح تک منتقل کرکے تمام صوبوں کو مکمل خود مختاری نہیں دی جائے گی توملک ترقی نہیں کرسکتا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کے 23 مارچ 1940کی قرارداد کی روح کے مطابق اقتدارغریب ومتوسطہ طبقے کے ہاتھوں میں دیاجائے اورتمام صوبوں کو مکمل صوبائی خود مختاری دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اورملک میں بسنے والے مختلف عقائد ،مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کوآ]س میں لڑانے کی سازشیں کی جاری ہیں لہٰذا ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی فضا ء کو پروان چڑھانا ہوگا۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے جسکا خواب قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا تاکہ پاکستان سے موروثی سیاست کا خاتمہ ہو اور ملک میں غریب و متوسط طبقہ کی حکمرانی قائم کی جاسکے ۔