ایم کیو ایم کا پیغام حق پرستی پاکستان کے جاگیردارانہ،خاندانی اور کرپٹ نظام سے مطابقت نہیں رکھتا۔الطاف حسین
جو لوگ سائیڈ لائن پر بیٹھے تذبذب کا شکار ہیں میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ جلد سےجلد ایم کیو ایم میں شامل ہوکر اس قافلہ کا حصہ بن جائیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کی اپر پنجاب اسلام آباد کے عہدیداران اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل (CEC ( کے اراکین عمر خان شیرزئی،سرفراز نواز، میاں عتیق ،پنجاب،پختونخواہ،راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنوں سے فون پرجناب الطاف حسین کی گفتگو
لندن:۔۔۔20، مارچ2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ تمام تر سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایم کیو ایم کا پیغام حق پرستی ملک بھر میں پھیل چکا ہے اور انشاء اللہ آنے والا دور ایم کیو ایم کا ہوگا۔انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایم کیو ایم میں شامل ہو کر پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دیں۔جناب الطاف حسین نے یہ بات بدھ کی سہ پہر متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل (CEC ( کے اراکین عمر خان شیرزئی،سرفراز نواز،عتیق میر،پنجاب،پختونخوا،راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنوں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ جب کسی انسانی جسم میں کوئی مصنوعی عضو یا کسی دوسرے انسان کے جسم کا کوئی حصہ لگایا جاتا ہے تو وہ انسانی جسم اسکی سخت مزاحمت کرتا ہے جس میں وہ عضو لگایا جاتا ہے یہ مزاحمت اتنی شدید ہوتی ہے کہ اس کے تدارک کے لئے مخصوص دوائیں دینی پڑتی ہیں۔یہ ہی صورتحال ایم کیو ایم کے پیغام حق پرستی پر بھی لاگو ہوتی ہے جو پاکستان کے جاگیردارانہ،خاندانی اور کرپٹ نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور اسی لئے اسے ملک بھر میں پھیلنے سے روکنے کی سازشیں کی گئیں۔لیکن تمام تر سازشوں کے باوجود یہ پیغام اب ملک کے چپے چپے میں پھیل چکا ہے اور ملک بھر کے غریب اور متوسط طبقے کے عوام تیزی سے ایم کیو ایم میں شامل ہورہے ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ملک بھر کے عوام جس طرح ایم کیو ایم میں شامل ہو رہے ہیں اس کے پیش نظر یہ واضح ہے کہ آنے والا وقت ایم کیو ایم کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اب بھی سائیڈ لائن پر بیٹھے ہیں یا کسی تذبذب کا شکار ہیں میں ان سے بھی کہتا ہوں کہ وہ جلد سے جلد ایم کیو ایم میں شامل ہوکر اس قافلہ کا حصہ بن جائیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے اسلام آباد ڈسٹرکٹ کے جنرل سکریٹری صلاح الدین نے انتہائی سریلی آواز میں پنجابی زبان میں ایم کیو ایم کا ترانہ گایا جس پر شرکاء نے زبردست تالیاں بجائیں اور فلک شگاف نعرے لگائے۔