شاہ زیب قتل کیس میں ایماندار اور غیر جانبدار پراسیکیوٹر تعینات کیا جائے ،ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی
کراچی :۔۔۔19،مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے انچارج و حق پرست رکن سندھ اسمبلی مقیم عالم و اراکین نے کہاہے کہ شاہ زیب قتل کیس میں اچانک پراسیکیوٹر کا تبدیل کیا جانا انصاف کے قتل کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ شاہ زیب قتل کیس ایک ہائی پروفائل کیس ہے جس پر دنیا بھر کی نظریں لگی ہوئی ہیں اس نوعیت کے مقدمات میں غیر جانبدار پراسیکیوٹرکا غیر جانب دار ہونا ایک لازمی امر ہے ۔ تاکہ تمام تر شکوک و شُبہات سے پاک رہتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ اس کے برعکس ایک ایسے وقت پر جب کہ شاہ زیب قتل کیس اپنے انتہائی اہم مراحل میں داخل ہوچکا ہے غیر جانبدار پراسیکیوٹر کی جگہ ملزم کے خاندان سے قریبی تعلقات رکھنے والے اس کے گاؤں سے رکھنے والے شخص کی بطور پراسیکیوٹر تعیناتی انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔اس عمل کے باعث نہ صرف سرکار بلکہ سماعت بھی مشکوک ہوجاتی ہے۔ اب جبکہ اس مقدمہ کی سماعت اپنے آخری مراحل میں ہے اس طرح کی تبدیلی ایک غیر قانونی عمل ہے۔ ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے انچارج و اراکین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ پراسیکیوٹر کو تبدیل کرکے فوری طور پر کوئی ایماندار اور غیر جانبدار پراسیکیوٹر تعینات کیا جائے ۔ تاکہ معزز عدالت کے فیصلے کے ذریعے مقتول کے لواحقین کو صحیح انصاف میسر ہو اوران کی حقیقی معنوں میں داد رسی ہو سکے اور آنے والا فیصلہ شکوک سے بلاتر اور انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہو۔