عباسی شہید اسپتال کے پروفیسر اسد عثمان کے بہیمانہ قتل پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
سفاک دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاکر انہیں فی الفور لگام دی جائے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
پروفیسر اسد عثمان کے تمام سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کا دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔19، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ناظم آباد کے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے عباسی شہید اسپتال میڈیکل یونٹ 3کے اسسٹنٹ پروفیسر اسد عثمان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بہیمانہ قتل کی اس واردات کو شہر کا امن تباہ کرنے گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وفیسر اسد عثمان کو فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کرکے انسانیت کی بلاتفریق خدمت کیلئے ممتاز اور قابل قدر شخصیت کو چھین لیا ہے اور میڈیکل کے طالب علموں کو شفیق استاد سے محروم کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی سفاک دہشت گردوں نے مقامی کالج کے پرنسپل پروفیسرسید سبط جعفر کو فائرنگ کرکے سفاکانہ طریقے سے قتل کردیا تھا تاہم اس کے باوجود درندہ صفت دہشت گرد نہ صرف آزاد ہیں بلکہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری کے باوجود آزادانہ طور پر قتل و غارتگری کررہے ہیں اور علم ، طب اور معزز پیشوں سے وابستہ شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے پروفیسر اسد عثمان کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتول کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورسوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پروفیسر اسد عثمان کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاکر انہیں فی الفور لگام دی جائے ۔