رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان کی سربراہی میں ایم کیوایم کے وفد نے بادامی باغ کا دورہ کرکے مسیحی برادری کی جلائی گئی املاک اور نقصانات کا جائزہ لیا
واقعہ بدترین اور مذہبی رواداری کی فضا خراب کرانے کی منظم سازش ہے، سیف یار خان
ایم کیوایم کے وفد نے مسیحی برادری کو جناب الطاف حسین کا پیغام پہنچایا ، یکجہتی کااظہار کرتے ہوءے نقصانات کے ازالے اور انصاف فراہمی کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
لاہور۔۔۔10، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان کے ہمراہ اتوار کے روز بادامی باغ لاہور کا دورہ کیا اور شرپسندوں کے ہاتھوں جلائی جانے والی مسیحی برادری کی املاک اور دیگر نقصانات کا جائزہ لیا ۔ وفد میں ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شاہین گیلانی ، آزاد سینیٹر محسن لغاری اور ڈسٹرکٹ صدر ارشد الحق و دیگر ذمہ داران شامل تھے ۔ایم کیوایم کے وفد نے متاثرہ مسیحی برادری کے نمائندہ افراد سے ملاقاتیں کیں اور اس واقعہ کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ مذہبی رواداری کی فضا خراب کرانے کی منظم سازش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے مسیحی برادری کو جناب الطاف حسین کا پیغام پہنچایا ، ان سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا اور ان کے نقصانات کے ازالے اور انصاف کی فراہمی کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔