ایم کیو ایم ہرسطح پر سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کے شانہ بشانہ ہے۔ کشور زہرا
ایم کیوایم شعبہ خواتین کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع عباس ٹاؤن میں دعائیہ اجتماع کا انعقاد
کراچی:۔۔۔08مارچ2013
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع پر سانحہ عباس ٹاؤن میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور اس اندوہناک دھماکے کے نتیجے میں متاثرہونے والی خواتین سے اظہار یکجہتی کے لئے جائے حادثہ پر دعائیہ اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع میں حق پرست خواتین ارکان اسمبلی ، ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا اور دیگر ذمہ داران و کارکنان ، شہید و زخمی ہونے والے افرا د کے لواحقین کے علاوہ دھماکے سے بری طرح متاثر ہونے والے افراد کے اہل خانہ نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج و حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ کشور زہرانے اجتماع کے شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت کے مطابق جہاں ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان اس سانحہ کے فوراََ بعد سے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ متاثرین کی داد رسی کے لئے مصروف عمل ہیں وہیں شعبہ خواتین کی ذمہ داران و کارکنان بھی اس سانحے کے نتیجے میں اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے اور املاک تباہ ہونے سے متاثر ہونے والی ماؤں بہنوں کے غم میں برابر کی شریک رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چادرو چاردیواری کے نام نہاد علمبرداراس بات کا جواب د یں کہ آخرخواتین کو مسلسل نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے، خروٹ آباد کی مظلوم خواتین ہوں یا ملالہ یوسف زئی ، یا عباس ٹاؤن کی مظلوم خواتین، ان معصوم خواتین کا کیا قصور تھا جو اپنے اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کا انتظار کررہی تھیں۔انہیں کیوں نشانہ بنایا گیاانہوں نے کہاہر سال یوم خواتین کا اجتماع لال قلعہ گراؤنڈ میں منعقد کیا جا تاتھا مگر اس سال ہم یہاں اپنی غمزدہ ماؤں بہنوں کے ساتھ اس دن کو شہداء کے بلند درجات کے لئے یوم دعا کے طور پرمنارہے ہیں۔ اس سانحے نے کربلا اور سیدہ زینب کی یادتازہ کردی ہے کہ انہوں نے جس عزم و حوصلے کا کربلا میں ثبوت دیا اس عزم وحوصلے نے شام پہنچ کر یزید کا تخت پلٹ دیا اور آج عباس ٹاؤن کی ماؤں بہنوں نے بھی اپنے صبر و استقامت سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی یزید وقت کے سامنے ہرگز ہرگز سر نہیں جھکائیں گی انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم بھی اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ اور باطل قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔ اجتماع میں شعبہ خواتین کی ذمہ داران اورکارکنان نے شہدا ء کوتقاریر اور اشعار کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیااجتماع کے اختتام پر سانحے کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ایم کیو ایم کی جانب سے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جس میں حق پرست ارکان اسمبلی ، شعبہ خواتین کی ذمہ داران و کارکنان کے ہمراہ شہداء کے لواحقین نے جائے حادثہ پر شمعیں و چراغ روشن کئے، اس موقع پر شہدا ء کے لواحقین کی جانب سے رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جو کہ اپنے پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے۔