پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف
جنرل عاصم منیر احمد کے نام
ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کا کھلا خط
بروز جمعرات مورخہ8، دسمبر2022ء
پتہ : ۔ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ (عارضی )
185 Whitchurch Lane
Edgware Middlesex
HA8 6QT
United Kingdom
محترم جنرل عاصم منیر احمد صاحب!
چیف آف آرمی اسٹاف
السلام علیکم
آداب عرض
میں مسمی الطاف حسین ولد نذیرحسین (مرحوم) اس کھلے خط کے ذریعے آپ سے مخاطب ہوں۔ میں ، متحدہ قومی موومنٹ کا فاؤنڈر لیڈر ہوں۔ میں نے متحدہ قومی موومنٹ کے قیام سے پہلے جامعہ کراچی میں ''آل پاکستان مہاجراسٹوڈنٹس آرگنائزیشن'' ( APMSO) کی بنیاد 11، جون1978ء کو رکھی تھی جو درجہ بدرجہ انتخابات کے نتیجے میں ملک کی تیسری اور صوبہ سندھ کی دوسری سب سے بڑی جماعت ایم کیوایم کے نام سے ملک اور ملک کے عوام کے سامنے ابھرکرآئی۔
جنرل عاصم منیر احمد صاحب!
میرا تعلق ایک غریب متوسط طبقہ سے ہے ۔ تعلیم کے لحاظ سے میں ڈبل گریجویٹ ہوں اور جامعہ کراچی سے میں نے فارمیسی کی سندبھی حاصل کی۔ اس طرح میں ایک سند یافتہ فارمیسسٹ (Pharmacist)ہوں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف 1992ء سے متعدد فوجی آپریشن کیے گئے جو آج تک جاری ہیں۔ ایم کیوایم میں شامل افراد بھی متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جنکی اکثریت اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے ۔ ایم کیوایم کی 44 برسوں کی جدوجہد میں میرے ہزاروں ساتھی ماورائے عدالت قتل کیے گئے ، ہزاروں اسیر اور لاپتہ کیے گئے جن کی اکثریت آج تک جیلوں میں اسیر ہے یا لاپتہ ہے ۔ ان سب کو پیراملٹری رینجرز، آئی ایس آئی ، پولیس یا دیگر ایجنسیون نے گرفتار، لاپتہ یا ماورائے عدالت قتل کیا ۔
جنرل عاصم منیر احمد صاحب!
ایم کیوایم ،ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس میں کوئی وڈیرہ، جاگیردار، سردار یا سرمایہ دار طبقہ سے تعلق نہیں رکھتا ہے، یہ وہ واحد جماعت ہے جس میں پڑھے لکھے غریب، لوئرمڈل کلاس یا اپرمڈل کلاس طبقہ کے افراد شامل ہیں ۔ اس جماعت کا منشور ملک میں ایسا نظام قائم کرنا ہے جہاں مذہبی رواداری ہو، انصاف کا نظام غریب اورامیر سب کیلئے برابرہو،عورت اورمرد کو برابری کی بنیاد پر حقوق میسر ہوں، ان کے ساتھ یکساں سلوک ہو اور روزگاروتعلیم سمیت تمام شعبہ جات میں یکساں مواقع میسر ہوں، میٹرک تک تعلیم حاصل کرنا سب پر لازمی ہو، ملک میں کسی بھی شہری کو خواہ امیر ہویاغریب ،اسے لائسنس یافتہ یا غیرلائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کااختیار نہ ہو۔ علاقہ ، زبان ، رنگ ونسل یامذہب وعقیدہ کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیاجائے ۔ ملک کا کوئی ادارہ خواہ چھوٹا ہو یا بڑا ہو، آئین پاکستان میں متعین کردہ اختیارات سے تجاوز نہ کرے ، ہرقسم کی انتہاء پسندی کا مکمل خاتمہ ہو ، ہرمذہب کے ماننے والے کو اس کے مذہب وعقیدے کے مطابق عمل کرنے کی اجازت ہو، ملک میں ہرقسم کی منشیات پرمکمل پابندی ہو اور ملک میں فلاحی ریاست کا قیام ہو،شہریوں کو علاج ومعالجے کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہو، ہرقسم کی رہزنی ، چوری چکاری اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، وڈیرانہ نظام کا مکمل خاتمہ کرکے ،زمینیں ، کسانوں میں تقسیم کرکے زراعت کی پیداوار میں اضافہ کیاجائے ۔ فوج ، ISI کی سیاست میں دخل اندازی کا بھی مکمل خاتمہ ہو۔ کرپشن کیلئے صفر برداشت یعنی Zero Tolerance کانظام عملاً نافذ کیاجائے ۔ جیلوں میں برسوں سے اسیر افراد کے مقدمات کا جلد فیصلہ کرکے انہیں سزا دی جائے یا رہا کیاجائے۔ جرم ثابت ہونے پر جرم کی متعین سزا سے زائدعرصہ جیلوں میں اسیر قیدیوں کو سزا دیتے وقت زائد برسوں جیل میں رہنے کی مدت کو منہا کیاجائے اور ان قیدیوںکو معاوضہ بھی دیا جائے جو متعین کردہ سزا سے زائدعرصہ جیلوں میں اسیر رہے ہوں۔
قرآن سے شادی ، کاروکاری ، بچوں سے مشقت لینے اورزورزبردستی شادی کرنے پرمکمل پابندی ہو۔ ہرقسم کی فرسودہ روایات کو ختم کیاجائے اور روزگارفراہم کرنے کیلئے ون ونڈو نظام قائم کیاجائے ۔
محترم جنرل عاصم منیر صاحب!
میں نے فوج کے ان جرنیلوں پر سخت تنقید کی جنہوںنے ایم کیوایم کے لاپتہ اور اسیر ساتھیوں کے قتل کو تسلیم کیا اورجنہوںنے متحدہ قومی موومنٹ کے لوگوں کو خرید کر ایم کیوایم میں نئے نئے گروپس بناکر ان کی تنظیمیں بنوائیں ، انہیں اسلحہ اور بڑی بڑی رقوم کے ساتھ ایم کیوایم کے لوگوں کو اغواء کرنے اور قتل کرنے کا کھلا لائسنس دیا تو میرے خلاف یہ پروپیگنڈہ زور وشور سے کیاگیا کہ میں ، فوج کے خلاف ہوں اور مجھ پر طرح طرح کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے جن کی تفصیلات میں اس لئے جانا نہیں چاہتا کہ آپ کے اوپر ملک کی سلامتی اور بقاء کی بے پناہ ذمہ داریاں ہیں مگر میں نے جوکچھ بھی کیا ہے اس کے تمام ثبوت وشواہد صرف میرے پاس ہی نہیں بلکہ بہت سارے ساتھیوں اور ان کے اہل خانہ کے پاس بھی موجود ہیں ، آپ کے کہنے پر میں وہ ثبوت وشواہد آپ کے سامنے پیش کرسکتا ہوں۔
محترم جنرل عاصم منیر احمد صاحب!
الحمدللہ آپ حافظ قرآن بھی ہیں لہٰذا آپ قرآن مجید اور فرمان الہٰی کی ہدایات سے بخوبی واقف بھی ہوں گے ۔ لاہورہائی کورٹ نے میری تحریر، تقریر، تصویر حتیٰ کہ میرانام تک پرنٹ والیکٹرانک میڈیا میں لینے پر پابندی ستمبر2015ء میں چھ ماہ کیلئے لگائی تھی جو آج کے دن یعنی 8، دسمبر2022ء تک جاری ہے۔
22، اگست2016ء کو میری ایک نامناسب تقریر کی بنیاد پر ایک بڑا فوجی آپریشن ایم کیوایم اور میری ذات کے خلاف شروع کردیاگیا حالانکہ میں نے 22، اگست 2016ء کو تحریری معافی نامہ بھی دومرتبہ لکھا تھا جس کی فوٹوکاپیاں میرے اس کھلے خط کے ساتھ منسلک ہیں۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد جو میری والدہ محترمہ خورشید بیگم مرحومہ کی نشانی بھی ہے اس پرتالا لگاکر سیل(seal) کردیاگیا اور چھ سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ایم کیوایم کا مرکز نائن زیرو آج تک بندکیا ہوا ہے اور وہاں 24 گھنٹے دو دو فوجی اہلکار ڈیوٹی پر ہوتے ہیں۔
ایم کیوایم جس کا میں بانی وقائد ہوں اس پر ہرقسم کی تحریر، تقریر، جلسہ جلوس کرنے پر آج تک پابندی ہے حتیٰ کہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کو شہداء قبرستان جانے ، یادگار شہداء جانے ، یوم شہداء منانے اور شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی تک کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ چند ماہ قبل میرے گھر اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو جو seal زدہ گھرہے اس کو آگ لگاکر بلڈوز بھی کردیا گیا۔
محترم عاصم منیرصاحب!
گزشتہ کئی برسوں سے ملک کا کون سا ایسا لیڈر ہے جس نے فوج کے اعلیٰ حکام کے نام لے لے کر نہ صرف ان پر کڑی تنقید کی بلکہ انہیں دھمکیاں بھی دیں اور بعض نے تو انتہائی فحش مغلظات تک دیں جنہیں میں یہاں رقم کرنے سے قاصر ہوں۔ اس کے علاوہ ان لوگوں نے عوامی اجتماعات میں فوج اور ISI کے خلاف بھی انتہائی غلیظ زبان استعمال کی اورآج فوج کے خلاف یہ نعرہ پورے ملک میں زبان ِ زد ِ عام ہوگیا ہے کہ
یہ جو دہشت گردی ہے
اس کے پیچھے وردی ہے
محترم عاصم منیر صاحب!
ان تمام مغلظات کے باوجود نہ تو کسی لیڈر کی تحریر ، تقریر ، تصویر یا نام لینے پر پابندی عائد کی گئی اور نہ ہی کسی لیڈر کا گھر seal کیاگیا۔
محترم عاصم منیر صاحب!
الحمدللہ آپ حافظ قرآن بھی ہیں اورآپ پر ملک کی سلامتی اوربقاء اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کی بھاری ذمہ داریاں بھی ہیں ۔ ملک کی موجودہ صورتحال، سرحدوں کی صورتحال اور ملک کی معاشی پوزیشن بھی آپ کے سامنے ہے ۔ میں آپ سے بڑی امید رکھتا ہوںکہ آپ ایم کیوایم پر عائد پابندیوں کاخاتمہ کرائیں گے ، جیلوں میں اسیر ایم کیوایم کے ساتھیوں کو رہا اور لاپتہ ساتھیوں کو بازیاب کرائیں گے ، مجھے اورایم کیوایم کو انصاف فراہم کریں گے ۔
اللہ تعالیٰ آپ کا اور ملک کا حامی وناصر ہو۔ آمین ثمہ آمین
آپ سے انصاف کا طالب
فقط
الطاف حسین
8، دسمبر2022ئ
لندن