ایم کیوایم نے بانی وقائدجناب الطاف حسین کی تحریرو تقریر اورتصویرکی نشرواشاعت پر عائد پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کردی گئی
پٹیشن ایم کیوایم کے سابق رکن اسمبلی نثار پہنور نے دائر کی پٹیشن آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے اور
اس میں وزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو فریق بنایاگیاہے
جناب الطاف حسین کو سیاسی رہنماکی حیثیت سے پاکستان کے عوام کے مفاد میں سیاسی، فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔پٹیشن میں استدعا
پیمرا نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی تقریرپربھی پابندی عائد کی تھی لیکن آج یہ پابندی ختم کردی گئی ہے
قائدتحریک الطاف حسین پربھی پابندی ختم کی جائے تاکہ وہ
بھی سیلاب متاثرین کی مددکے لئے اپناکردارادا کرسکیں
رابطہ کمیٹی کاپٹیشن دائر کرنے پر نثارپہنورکوخراج تحسین
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں وڈیوبریفنگ
لندن… 28اگست 2022ئ
ایم کیوایم نے بانی وقائدجناب الطاف حسین کی تحریرو تقریر اورتصویرکی نشرواشاعت پر عائد پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کردی ہے۔ یہ آئینی پٹیشن ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی اورسابق رکن سندھ اسمبلی نثار پہنور نے گزشتہ روز ہائیکورٹ میں دائر کی ۔ پٹیشن آئین پاکستان کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے اوراس کا نمبر 4997/2022 ہے۔پٹیشن میںوزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت اطلاعات اورپاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) کو فریق بنایاگیاہے ۔
پٹیشن میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 17میں دیئے گئے سیاسی جماعت بنانے ، سیاسی وابستگی اختیارکرنے کے حق اور آئین کے آرٹیکل 19میں دیے گئے اظہار رائے اورمیڈیاکی آزادی کے حق کاحوالہ دیتے ہوئے کہاگیا یہ پٹیشن ان لاکھوں لوگوں کے مفاد کامعاملہ ہے جوجناب الطاف حسین سے محبت کرتے ہیں ، ان سے وابستگی رکھتے ہیں جنہیں اپنے لیڈر کو چننے اوراس سے وابستگی اختیارکرنے سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ پٹیشن میں کہاگیاہے کہ جناب الطاف حسین نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اوران کی تقریرکی غلط تشریح کرکے ان پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔پٹیشن میں مزید کہا گیاہے کہ نہ برطانیہ اورنہ ہی پاکستان میںنفرت انگیز تقریر کی بنیادپر جناب الطاف حسین کوسزانہیں دی گئی ہے ۔ پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ جناب الطاف حسین کو ایک سیاسی رہنماکی حیثیت سے پاکستان کے عوام کے مفاد میں سیاسی، فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے اورتمام متعلقہ ذمہ داروںکوجناب الطاف حسین پر سے پابندی ہٹانے کی ہدایت کی جائے۔
دریںا ثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان قاسم علی رضا، مصطفےٰ عزیزآبادی اور ارشدحسین نے آج بروز ا توار انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لند ن میں ایک وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ جناب الطاف حسین پاکستان کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں لیکن ستمبر 2015ء میں لاہور ہائیکورٹ کے ذریعے جناب الطاف حسین کی تحریر، تقریر، تصویر دکھانے پر پابندی عائد کردی گئی ، ایم کیوایم نے انسانی حقوق کی ممتازرہنمااورسپریم کورٹ بار کی سابق صدرمحترمہ عاصمہ جہانگیر کے زریعے لاہورہائیکورٹ میں اس پابندی کے خلاف کیس لڑالیکن ہائیکورٹ کے حکم پر پیمرا کے ذریعے جناب الطاف حسین پر میڈیاپر پابندی عائد کردی گئی۔ محترمہ عاصمہ جہانگیرنے سپریم کورٹ میں بھی اس پابندی کوچیلنج کیالیکن وہاں بھی اس اپیل کی کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ رابطہ کمیٹی نے بتایا کہ اپریل 2022ء کو بھی رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اورجج صاحبا ن کے نام ایک درخواست بھی بذریعہ ڈی ایچ ایل روانہ کی لیکن اس درخواست کاکوئی جواب نہیں دیاگیا۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل پیمرا نے میڈیاپر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی تقریرپر پابندی عائد کردی تھی لیکن آج ان کی تقریرپر پابندی ختم کردی گئی ہے اورمیڈیاپر نوازشریف کی تقریرکو لائیو نشر کیاگیا،
حالانکہ ان کی جانب سے کسی عدالت میں پابندی کے خلاف کوئی درخواست دائرنہیں کی گئی تھی جبکہ ایم کیوایم کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کی تقریرپر پابندی کے خاتمے کیلئے ہم نے عدالت عظمیٰ سے درخواستیں بھی کی ہیں لیکن جناب الطاف حسین پرعائد پابند ی تاحال ختم نہیں کی گئی ۔ رابطہ کمیٹی نے مزیدکہاکہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ملک بھر میں قیامت صغریٰ کامنظر ہے، متاثرین مدد کے لئے پکاررہے ہیں۔ ایسے وقت میں جبکہ ملک کے تمام سیاسی قائدین کوبھرپوراندازمیں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے امدادی سرگرمیوں کے لئے مہم چلانے کی ضرورت ہے ، ایسے حالات میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ جناب الطاف حسین کی تقریرپر عائد پابندی ختم کی جائے تاکہ وہ بھی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے متاثرین کی مددکے لئے اپناکردارادا کرسکیںجیساکردار جناب الطاف حسین نے اکتوبر2005ء میں آزادکشمیر میںآنے والے قیامت خیززلزلے کے متاثرین کی مدد کے لئے اداکیا تھا ۔ رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، سندھ ہائیکورٹ اورتمام ارباب اختیارسے اپیل کی کہ جناب الطاف حسین پر پابندی فی الفورختم کی جائے ۔ رابطہ کمیٹی نے اس حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائرکرنے پر سابق رکن اسمبلی نثارپنہور کوزبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ رابطہ کمیٹی نے پٹیشن کے لئے قانونی خدمات پیش کرنے پر ممتازوکیل خالدممتازایڈوکیٹ کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ رابطہ کمیٹی نے اس سلسلے میں خصوصی کاوش پر رابطہ کمیٹی کے رکن عاطف شمیم اورسینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شاہد مصطفےٰ کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ رابطہ کمیٹی نے پٹیشن کے حوالے سے اپنے یوٹیوب چینلزپر خصوصی رپورٹس اورتجزیے پیش کرنے والے یوٹیوبرز کابھی شکریہ اداکیا۔
٭٭٭٭٭