بین الاقوامی شہرت یافتہ نامور پاکستانی فلم ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کودوسری بار اکیڈمی ایوارڈ جیتنے پرایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی زبردست مبارکباد
غیرت کے نام پرخواتین کے قتل کو جس طرح سے دستاویزی فلموں میں اجاگر کیا ہے اس پر تمام ظلم کا شکار خواتین شرمین عبید چنائے کی شکر گزار ہیں ،ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی ۔۔۔29، فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بین الاقوامی شہرت یافتہ نامور پاکستانی فلم ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کودوسری بار اکیڈی ایوارڈ جیتنے پر زبردست مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پرخواتین کے قتل کو جس طرح سے دستاویزی فلموں میں اجاگر کیا ہے اس پر تمام ظلم کا شکار خواتین ان کی شکر گزار ہیں ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کی فرسودہ رسومات اور خود ساختہ قوانین بد قسمتی سے پاکستان میں اب بھی رائج ہیں جس کے باعث کئی معصوم خواتین غیرت کے نام پر ہر سال قتل کردی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کی داستان پر مبنی دستاویزی فلمیں بنا کر دنیا بھر کی توجہ اس ظلم کی جانب متوجہ کرائی ہے جس پر ظلم کا شکار خواتین ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستارنے مزید کہاکہ شرمین عبید چنائے نے غیر ت کے نام پر قتل پر مبنی دستاویزی فلمیں بنا کر عالمی سطح پر دوسری بار اکیڈمی ایوارڈ حاصل کیا ہے جس سے ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے ۔