رابطہ کمیٹی نے مسلسل علالت کے باعث سینئر رکن محمد انور کو رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش کردیا
جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے، رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی کے جوارکان اپنی ذمہ داریاں پورے طریقہ نبھانے سے قاصر ہیں ان کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرکے انکی جگہ دیگر سینئر اورفعال کارکنوں کو رابطہ کمیٹی میں شامل کیاجائے،ایم کیوایم
سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ
محمدانور، ایم کیوایم کے سینئر رکن ہیں جو کڑے اور کٹھن وقت میں محنت اور لگن سے کام کرتے رہے ہیں، رابطہ کمیٹی
محمدانور کو مختلف طبی معائنوں کیلئے ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اکثروبیشتر غیرحاضر رہتے ہیں، رابطہ کمیٹی
اس وقت ایم کیوایم ، اسٹیبلشمنٹ کے براہ راست سیاسی انتقام کا نشانہ بنی ہوئی ہے، رابطہ کمیٹی
ان حالات میں ناگزیر ہے کہ رابطہ کمیٹی کا ایک ایک رکن نہ صرف ہمہ وقت موجود رہے بلکہ ذہنی وجسمانی طورپر مکمل صحت مند بھی ہو،رابطہ کمیٹی
محمد انور رابطہ کمیٹی کے رکن نہیں رہے ہیں اس لئے کارکنان تنظیمی امورکے حوالہ سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہ کریں، رابطہ کمیٹی
کراچی۔۔۔12، جولائی2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا ایک اجلاس رابطہ کمیٹی کے سینیئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں ہونے والے متفقہ فیصلے کے مطابق رابطہ کمیٹی کے جوارکان اپنی ذمہ داریاں پورے طریقہ نبھانے سے قاصر ہیں ان کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرکے انکی جگہ دیگر سینئر اورفعال کارکنوں کو رابطہ کمیٹی میں شامل کیاجائے ۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلہ کے مطابق رابطہ کمیٹی نے رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن محمد انور کو انکی خرابی صحت اور مسلسل علالت کے سبب رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش کردیا ہے اور ان سے کہاہے کہ وہ صحت یاب ہونے تک مکمل آرام کریں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ محمدانور، ایم کیوایم کے سینئر رکن ہیں جو کڑے اور کٹھن وقت میں محنت اور لگن سے کام کرتے رہے ہیں جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے لیکن کچھ عرصہ سے اس بات کا مشاہدہ کیا جارہا ہے کہ محمدانور تنظیمی کاموں میں اس دلچسپی اور ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں جس کا وہ پہلے مظاہرہ کیاکرتے تھے ۔ محمدانور متعدد امراض میں بھی مبتلا ہیں اور آئے دن انہیں مختلف طبی معائنوں کیلئے ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اکثروبیشتر غیرحاضر رہتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ بات سب پر عیاں ہے کہ اس وقت ایم کیوایم ، اسٹیبلشمنٹ کے براہ راست سیاسی انتقام کا نشانہ بنی ہوئی ہے ۔ ان حالات میں ناگزیر ہے کہ رابطہ کمیٹی کا ایک ایک رکن نہ صرف ہمہ وقت موجود رہے بلکہ ذہنی وجسمانی طورپر مکمل صحت مند بھی ہو جبکہ محمد انورنہ صرف علیل ہیں بلکہ بیماری کے سبب ان کی یاداشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ اس صورتحال کے سبب رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد انور کورابطہ کمیٹی کی رکنیت سمیت تمام ترتنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کرکے انہیں مکمل طورپر آرام کا موقع دیاجائے تاکہ وہ صحت یاب ہوکر دوبارہ تحریک اور قوم کی خدمت کرسکیں۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان سے کہاکہ چونکہ اب محمد انور رابطہ کمیٹی کے رکن نہیں رہے ہیں اس لئے اب تنظیمی امورکے حوالہ سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہ کیاجائے ۔جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔