ملک کی روشن خیال طاقتوں کو مل کر پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کرنی ہوگی،الطاف حسین
پی پی پی، ایم کیوایم اور اے این پی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پاکستان کو مستحکم بنانے کیلئے قربانیاں دی ہیں
ملک کی اعتدال پسند سیاسی قوتیں مل جل کر نیشنل اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے منصوبوں کا مقابلہ کریں گی
تاریخ نے پاکستان کو بچانے کاقرض ہم پر عائد کردیا ہے ،اس قرض کو اتارنا ہم پر فرض ہے ورنہ ہماری آئندہ نسلیں ہمیں کسی قیمت پر معاف نہیں کریں گی
پی پی پی، ایم کیوایم اور اے این پی کے رہنماء اورکارکنان ظالم وجابر قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں
سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک سے الطاف حسین کی ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔29، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ خواہ وہ ایم کیوایم کے پندرہ ہزار سے زائد بے گناہ کارکنوں کی شہادتیں ہوں یاذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیربھٹو کی شہادت، جمہوریت کیلئے پی پی پی کے ہزاروں کارکنوں کو مارے گئے کوڑے ہوں یا سینکڑوں کارکنوں کی شہادتیں ہوں، فرنگیوں کے تسلط کے خلاف باچاخان کی جدوجہد ہو یا پھر خان ولی خان کی اپنے ساتھیوں کے ساتھ عقوبت خانوں میں ٹارچرزدہ زندگی اور طویل المعیاد اسیری ہویا اے این پی کے سینکڑوں کارکنوں کا خیبرپختوانخوا میں حالیہ برسوں میں جہادی تنظیموں کے ہاتھوں قتل ہو ، یہ تمام قربانیاں پاکستان کو بچانے اور مستحکم بنانے کیلئے دی گئیں ۔ آج تاریخ نے پاکستان کو بچانے کاقرض ہم پر عائد کردیا ہے ،اس قرض کو اتارنا ہم پر فرض ہے ورنہ ہماری آئندہ نسلیں ہمیں کسی قیمت پر معاف نہیں کریں گی ۔جناب الطاف حسین نے یہ بات پیرکے روز سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ گفتگو کے دوران موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور اس بات کاعہد کیا گیا کہ ملک کی اعتدال پسند سیاسی قوتیں مل جل کر نیشنل اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے منصوبوں کا مقابلہ کریں گی ۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جب وہ بین الاقوامی اسٹیبشلمنٹ سے خوفزدہ نہیں ہیں تو طالبان کی کارروائیاں ان جماعتوں کو کس طرح خوف زدہ کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک وقوم انتہائی کٹھن آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ملکی اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ مل کر جمہوری، پروگریسیو، اعتدال پسند اور روشن خیال جماعتوں کو آئندہ انتخابات سے باہر رکھنا چاہتی ہیں ۔ ان حالات میں ملک کی روشن خیال طاقتوں کو مل کر پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کرنی ہوگی ۔ جناب الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کے کارکنان کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بی بی شہید کے چاہنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کٹھن ، کڑے اور آزمائش کے وقت میں بھٹو شہید اور بی بی رانی شہید کے لہو اورانکی قربانیوں کا قرض اتاریں اورانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے میدان عمل میں آئیں اور عملی جدوجہد کریں۔انہوں نے کہاکہ یہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان کا بھی فرض ہے کہ وہ جمہوریت اور عوام کیلئے باچاخان اور خان ولی خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظالم وجابر قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلندکریں اورظلم وجبر کے خلاف عملی جدوجہد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی ملک وقوم اور جمہوریت کیلئے انگنت قربانیاں دی ہیں ۔ ایم کیوایم کی جدوجہد میں 15، ہزار سے زائد کارکنان نے اپنے لہوکی قربانیاں دی ہیں۔ لہٰذا ایم کیوایم کے کارکنان بھی اپنے شہداء کے لہو کاقرض اتارنے اورانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اپنی کمر کس لیں اور ظالم وجابر قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔