پشاور یونیورسٹی روڈ کے قریب بم دھماکے پر الطاف حسین کاشدید اظہار مذمت۔
دہشت گرد ملک بھر میں پرامن انتخابی ماحول سبوتاژ کرکے ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو جمہوری و قانونی حق سے محروم کرنے گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں ، الطاف حسین
جناب الطاف حسین کی بم دھماکے میں شہید افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔29، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور یونیورسٹی روڈ بس اسٹاپ کے قریب بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں 3افراد کے شہید اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ شدت پسند اور انتہاء پسند دہشت گردملک بھر میں بم دھماکوں ، دہشت گردی اور قتل و غارتگری کرکے نہ صرف ملک کو عدم استحکام سے دوچار کررہے ہیں بلکہ پرامن انتخابی ماحول سبوتاژ کرکے ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو جمہوری و قانونی حق سے محروم کرنے کی گھناونی سازش پر عمل پیرا ہیں ۔ انہوں نے پشاور بم دھماکے میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ،نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب اور نگراں حکومت خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ پشاور یونیورسٹی روڈ بس اسٹاپ کے قریب کمشنر پشاور کے قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے ، 3افراد کے شہید اور متعددافراد کے شدید زخمی ہونے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور بم دھماکوں اور دہشت گردی کی سفاکانہ کارروائیوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔