ایم کیوایم ملک بھر کے غریب و متوسط طبقے کے افراد کے جائز حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کررہی ہے، اشفاق منگی
جناب الطاف حسین نے آج کی عورت کو اس بات کا شعور دیا ہے کہ اس کے حقوق کیا ہیں، کشور زہرا
این اے258اور پی ایس129 کے علاقوں ابراہیم حیدری اور ریڑھی گوٹھ کے مختلف علاقوں سے سندھی، بلوچ، کچھی، برمی اور بنگالی قومیت سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان
کراچی۔۔۔۔16اپریل2013
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو اپنے قیام کے روز سے آج تک ملک بھر کے غریب و متوسط طبقے کے افراد کے جائز حقوق کے حصول کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق اور احترام کی بحالی کے لئے جدوجہد کررہی ہے ۔یہ بات انہوں نے NA-258اور PS-129 کے علاقوں ابراہیم حیدری اور ریڑھی گوٹھ کے مختلف علاقوں سے زینت بانو مگسی، عائشہ بلوچ اور خدیجہ میر بحرکی سربراہی میں ایک وفد کی شکل میں آئی ہوئی سندھی ، بلوچ کچھی، برمی اور بنگالی قومیت سے تعلق رکھنے والی خواتین سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج اور سابق رکن قومی اسمبلی کشور زہرا ، سابق اراکین سندھ اسمبلی بلقیس مختار ، فریدہ بلوچ ااور کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج و دیگر بھی موجود تھے۔ رکن رابطہ کمیٹی نے وفد کے شرکا ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت ہے کہ ملک بھر میں بسنے والے غریب و مظلوم عوام کو مراعات یافتہ طبقے اور جاگیر دار وڈیروں کے ظلم سے نجات دلائی جائے اور ایم کیو ایم کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ محترمہ کشور زہرا نے آنے والی خواتین کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جناب الطاف حسین نے آج کی عورت کو اس بات کا شعور دیا ہے کہ اس کے حقوق کیا ہیں اور وہ ملک کے واحد لیڈر ہیں جو کہ خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آوا زاٹھاتے ہیں۔ وفد میں آئی ہوئی خواتین نے کہا کہ آج ایم کیو ایم کے مرکز پر ہماری آمد کا واحد مقصد یہ ہی ہے کہ ہم جناب الطاف حسین پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیرمشروط طور پر ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ کیوں کہ سوائے ایم کیو ایم کے کسی اور سیاسی جماعت میں خواتین کا احترام نظر نہیں آیا۔ معاشرے میں خواتین کو جائز مقام دلوانے کے لئے جو کوششیں ایم کیو ایم اور اس کی خواتین منتخب ارکان کرتی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایم کیوایم ہی وہ واحد جماعت ہے جو اس ملک کے گلے سڑے نظام کو تبدیل کرسکتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ NA-258اور PS-129 کے علاقوں ابراہیم حیدری اور ریڑھی گوٹھ سے تعلق رکھنے والی تمام خواتین آنے والے انتخابات میں صرف اور صرف جناب الطاف حسین کے نامزد امیدواران کی نہ صرف حمایت کا اعلان کرتی ہیں بلکہ جناب الطاف حسین پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیرمشروط طور پر ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے ایم کیو ایم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم کااعادہ بھی کیا۔