بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، الطاف حسین
تھانہ صدربنوں میں بم دھماکے اور متنی میں بم ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار کی شہادت کے واقعہ پر اظہار مذمت۔
لندن۔۔۔12،مارچ2013ءمتحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے بنوں میں تھانہ صدرکے قریب بم دھماکے اور متنی میں بم ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار کی شہادت کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بنوں بم دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اپنے گھناؤنے اورمکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور دہشت گردی کی کارروائی کے ذریعہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔*****