مرحومہ شمائلہ عمران کی نماز جنازہ لندن کی مرکزی ریجنٹس پارک مسجد میں اداکردی گئی
نماز جنازہ میں ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین نے خصوصی طورپر شرکت کی
24 دسمبر2025ء
شہیدانقلاب ڈاکٹرعمرا ن فاروق شہید کی بیوہ اورایم کیوایم کی سینئر کارکن مرحومہ شمائلہ عمران کی نماز جنازہ آج بروز بدھ بعدنماز ظہر لندن کی مرکزی ریجنٹس پارک مسجد میں اداکی گئی۔
نماز جنازہ میں ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ علاوہ ازیں نمازجنازہ میں مرحومہ کے صاحبزادے عالی شان، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی، ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا، ایم کیوایم برطانیہ کے سینٹرل آرگنائزر سہیل خانزادہ، سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان، یوکے کے مختلف چیپٹرز کے انچارجز، کمیٹیوں کے ارکان اور کارکنوں،ایم کیوایم شعبہ خواتین کی ارکان،مرحومہ کے عزیزواقارب اوردیگرافراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد جناب الطا ف حسین اوردیگر ذمہ داران نے مرحومہ شمائلہ عمران کے جنازے کوقرآن مجید کی آیات پڑھتے ہوئے روانہ کیا۔اس موقع پر جناب الطاف حسین گہرے دکھ اورصدمے میں مبتلا تھے۔
جناب الطاف حسین نے نمازجنازہ کے بعد کچھ دیرمسجد میں ہی قیام کیا۔ اس دوران ایم کیوایم کے کارکنوں اور شعبہ خواتین کی ارکان کے ساتھ ساتھ نمازجنازہ میں شرکت کرنے والے پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد نے جناب الطاف حسین سے فرداً فرداً ملاقات کی اوران سے تحریک کی دیرینہ رکن مرحومہ شمائلہ عمران کے انتقال پردلی تعزیت کی۔ جناب الطاف حسین نے مرحومہ شمائلہ عمران کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی۔
علاوہ ازیں جناب الطاف حسین نے اپنی رہائش گاہ پہنچ کربھی مرحومہ شمائلہ عمران کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔
واضح رہے کہ شہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہید کی بیوہ اورایم کیوایم کی سینئر کارکن مرحومہ شمائلہ عمران 19دسمبر2025ء بروز جمعہ لندن کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔ مرحومہ کی وصیت کے مطابق انہیں کراچی میں سوسائٹی قبرستان میں ان کے والد مرحوم کے پہلو میں سپردخاک کیاجائے گا۔