معروف ناول نگار، صحافی، شاعر اورادبی شخصیت ایچ اقبال کے انتقال پر ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کااظہارتعزیت
ایچ اقبال کے بے شمار جاسوسی ناول ادب میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں
مرحوم نے پاکشیا نامی جریدے اور روزنامہ پرچم کے مدیر کی حیثیت سے مہاجروں پرڈھائے جانے والے مظالم کی داستانیں شائع کیں، الطاف حسین
مہاجروں کیلئے ایچ اقبال صاحب کی قلمی و ادبی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔19، اپریل2025ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے معروف ادبی شخصیت ہمایوں اقبال المعروف ایچ اقبال کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔
ایک تعزیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایچ اقبال صاحب ایک بڑے ناول نگار، کالم نویس ، ادیب ،محقق ، دانشوراورقدآور ادبی شخصیت کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے اور ان کے انتقال سے دنیائے ادب میں پیدا ہونے والا خلاء آسانی سے پُرنہیں ہوسکتا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایچ اقبال کے بے شمار جاسوسی ناول ادب میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ایچ اقبال مرحوم نے ناول نگاری کے ذریعے ادب کے میدان میں گراں قدرخدمات انجام دینے کے علاوہ مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد میں بھی گران قدر خدمات انجام دیں اور مہاجروں پر بدترین ریاستی مظالم کے خلاف اپنے قلم کی حرمت کا پاس رکھا اور ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیا۔1992ء میں ایم کیوایم کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران روزنامہ امن کے سواجب کوئی اوراخبار یامیگزین ایم کیوایم کا مؤقف شائع نہیں کرتاتھا تو اس وقت ایچ اقبال صاحب نے ''پاکشیا '' نامی جریدے اور روزنامہ پرچم کے مدیر کی حیثیت سے مہاجروں پرڈھائے جانے والے مظالم کی داستانیں شائع کیں اورملک بھرکے عوام کواصل حقائق سے آگاہ کیاجس کی پاداش میں انہیں بھی انگنت پریشانیوں اورتکالیف کاسامنا کرنا پڑا ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم اورمہاجرقوم کیلئے ایچ اقبال صاحب کی ادبی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں اور وہ اپنی تحریروں کے ذریعے حق پرست عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ جناب الطاف حسین نے ایچ اقبال مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان ان کے ساتھ ہیں اور سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ، ایچ اقبال مرحوم کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ دے ۔ (آمین ثمہ آمین)
٭٭٭٭٭