کراچی انٹربورڈکے نتائج فی الفورکالعدم قراردیئے جائیں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کراچی انٹربورڈ کے متعصبانہ نتائج کراچی کے طلباء کا تعلیمی قتل عام ہے
کراچی کے طلباء کے ساتھ کھلی ناانصافی کا یہ عمل پیپلزپارٹی کی پرانی نسل پرستانہ اور کراچی دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے
سیاسی ومذہبی جماعتیں کراچی کے طلباء کے ساتھ کھلی ناانصافی اوران کے تعلیمی قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں
لندن۔۔۔4، جنوری2025ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاہے کہ کراچی انٹربورڈکے نتائج فی الفورکالعدم قراردیئے جائیں اور کراچی کے طلباء کا تعلیمی قتل عام بند کیاجائے۔ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن سے جاری بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ انٹربورڈ کے نتائج میں کراچی اورلاڑکانہ کے طلباء کے نتائج میںاقرباء پروری اورمیرٹ کے قتل کی بدترین مثال دیکھنے میں آئی ہے ۔ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت نے جیالوں کو بورڈز کا چیئرمین تعینات کرکے انٹربورڈ کے نتائج میں کراچی کے طلباوطالبات کو تعصب کانشانہ بنارہی ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے طلباء میٹرک میں 80 سے 90 فیصد نمبروں سے کامیاب ہوئے لیکن انٹرمیںپری میڈیکل کے نتائج میں 66 فیصد، پری انجینئرنگ کے نتائج میں 74 فیصد اورآرٹس ریگولرکے نتائج میں70 فیصد طلباء وطالبات کو فیل کردیاگیا ہے جبکہ لاڑکانہ کے طلباء کو 70 سے 80 فیصد نمبروں سے کامیاب قراردیاگیا ہے جوکہ میرٹ کا کھلا قتل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے طلباء کے ساتھ کھلی ناانصافی کا یہ عمل پیپلزپارٹی کی پرانی نسل پرستانہ اور کراچی دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے ، پیپلزپارٹی کی وڈیرانہ ذہنیت کراچی کے طلباء کا تعلیمی قتل عام کرکے ان پراعلیٰ تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کرنے کی گھناؤنی سازش کررہی ہے تاکہ ان کے استحصال کا سلسلہ جاری رکھاجاسکے۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے ذہین اورہونہار طلباء وطالبات کا تعلیمی مستقبل تباہ کرنے کے متعصبانہ عمل سے طلباء وطالبات اور ان کے والدین شدید ذہنی کرب واذیت کا شکار ہیں اوراس ناانصافی کے خلاف احتجاج پر مجبورہیں۔
رابطہ کمیٹی نے ملک کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے طلباء کے ساتھ کھلی ناانصافی اوران کے تعلیمی قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور پیپلزپارٹی کی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں کی کھل کرمذمت کریں۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ کراچی کے طلباء وطالبات کے تعلیمی قتل عام کا سلسلہ بند کیاجائے ، انٹربورڈ 2024ء کے نتائج فی الفورکالعدم قراردیئے جائیں اور کراچی کے طلباء کو تعصب اور عصبیت کا نشانہ بنانے والے عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے ۔