سندھ میں انتظامی بنیادوں پر نئے انتظامی یونٹس بنائیں جائیں، گلفر از خان خٹک
ایم کیوایم واحد تحریک ہے جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہیں
متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ پختون آرگنائزنگ کمیٹی کراچی کے تحت کورنگی ٹاؤن یونٹ 6ضیاء کالونی میں منعقد اجتماع کے شرکاء سے اظہار خیال
کراچی۔۔۔20ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ متعصبانہ رویہ ، سوچ اور طر ز عمل کو ختم کیا جائے اور سندھ میں انتظامی بنیادوں پر نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں۔ ان خیالات اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ پختون آرگنائزنگ کمیٹی کراچی کے تحت کورنگی ٹاؤن یونٹ 6ضیاء کالونی میں منعقد اجتماع کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس مو قع پر پی او سی کراچی کے انچارج شیر ولی آفریدی و اراکین، پختون کارکنان ، ہمدردوں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزار رہاہے اور ایسے میں عوام میں پائی جانیوالی مایوسیوں کا خاتمہ کیا جائے اوریہ وقت کا تقاضہ ہے کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم واحد تحریک ہے جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی زبان سے ہو وہ ایک پر چم تلے متحد ومستحکم ہیں ، انہوں نے کہاکہ پختون عوام بھی جناب الطاف حسین کے ہاتھ مضبوط کریں اور تحریک کے فکر و فلسفہ اورمشن و مقصدکو ملک کے گوشے گوشے میں پھیلائیں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہو سکے۔