ایم کیوایم کے کنوینر شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی چوتھی برسی ملک بھر میں منائی جائے گی
برسی کے موقع پرملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے ، مرکزی اجتماع کراچی میں ہوگا
کراچی ۔۔۔15، ستمبر2014ء
سالہ گذشتہ کی طرح امسال بھی متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ایم کیوایم کے شہید کنوینر اور ’’شہید انقلاب ‘‘ ڈاکٹر عمران فاروق کی برسی مورخہ 16ستمبر 2014ء بروزمنگل کو ملک بھر میں عقید ت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔ برسی کے سلسلے میں ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاترپر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے جبکہ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بعد ظہر تا عصر ہوگا۔ شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماعات میں شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کی جائے گا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی۔