ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور دیگر شعبہ جات کے پڑھے لکھے طلبہ و طالبات ، نوجوان ، مرد و خواتین حضرات عوامی ریفرنڈم میں اپنا عملی تعاون پیش کریں ، الطاف حسین
عوامی ریفرنڈم کے انعقاد کے سلسلے میں لاکھوں رضاکاران کی ضرورت ہے
جو طلبہ و طالبات ، نوجوان ، مرد و خواتین عوامی ریفرنڈم میں اپنا عملی تعاون پیش کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے مقامی آفس یا ایم کیوایم کے
مرکز نائن زیرو پر رابطہ کرکے اپنا نام ، پتہ اور فون نمبر کی تفصیلات جمع کرادیں
لندن۔۔۔04، نومبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ملک بھر کی تمام جامعات ، کالجوں ، دیگر پروفیشنلز انسٹی ٹیوٹ اور ملک بھر کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 8نومبر بروز جمعرات کو ایم کیوایم کے زیرا ہتمام ملک بھر میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی رائے کااظہار ضرور کریں کہ وہ کس طرح کا پاکستان چاہتے ہیں آیا کہ قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں ۔۔۔یا۔۔۔طالبان کا پاکستان چاہتے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوامی ریفرنڈم بیک وقت ملک بھر میں منعقد ہورہا ہے اور اس ریفرنڈم کے انعقاد کے سلسلے میں لاکھوں رضاکاران کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ملک بھر کے طلبہ و طالبات سے اپیل کی کہ وہ عوامی ریفرنڈم میں اپنا عملی تعاون پیش کرنا چاہتے ہیں تو وہ اپنے اپنے مقامی آفس یا مرکزی دفتر نائن زیرو کے پتہ 494/8عزیز آباد کراچی ، فون نمبر021-36329900-021-36313690، ای امیل ایڈریس [email protected]پر رابطہ کرکے اپنا نام ، پتہ اور فون نمبر کی تفصیلات جمع کرادیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے طلبہ و طالبات و دیگر شعبہ جات اور اداروں کے پڑھے لکھے افراد (مرد و خواتین ) سے اپیل کررہا ہوں کہ وہ بھی اپنی اپنی خدمات پیش کریں ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ یاد رکھیں ریفرنڈم صبح 9بجے شروع ہوگا جو شام 5بجے تک جاری رہے گا لہٰذا آپ تمام رضاکاران کو اپنے اپنے پولنگ اسٹیشن پر صبح 8بجے تک لازمی پہنچنا ہوگا تاکہ تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں ۔
جلیل الرحمان ، بوہری برادری ، احمدیوں اور ہندوبرادری کے افراد کے قاتلوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، الطاف
حسین انسانی حقوق کی کارکنان طاہرہ عبداللہ اور ماروی سرمد کوتحفظ فراہم کیا جائے
دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے واقعات ملک اور صوبہ کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں
صدر، وزیراعظم اوروفاقی وزیرداخلہ اگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہیں تو اپنے ضمیرکی آواز پر مستعفی ہوجائیں
لندن ۔۔۔۔4، نومبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے انسانی حقوق کی کارکنان طاہرہ عبداللہ اور ماروی سرمد کو دہشت گردوں کی جانب سے قتل کی کھلی دھمکیوں، حیدرآباد میں بوہری برادری سے تعلق رکھنے والے تین افراد کے بہیمانہ قتل اور تعلقہ حیدرآباد سٹی کے سابق حق پرست نائب ناظم اور ایم کیوایم حیدرآباد سیکٹر بی کے جوائنٹ انچارج جلیل الرحمان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طاہرہ عبداللہ اور ماروی سرمد کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔ دریں اثناء انہوں نے گزشتہ روز حیدرآباد میں بوہری برادری کے تین افراد کے بہیمانہ قتل ، ملک بھر میں احمدیوں اور ہندوؤں کے قتل کے واقعات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے تعلقہ حید رآباد سٹی کے سابق حق پرست نائب ناظم جلیل الرحمان، بوہری برادری، احمدیوں اورہندوؤں کے سفاکانہ قتل کے واقعات کو ملک اور صوبہ کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش قراردیا ۔ جناب الطاف حسین صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سے پرزورمطالبہ کیا کہ بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے والے دہشت گردقاتلوں کے خلاف بھرپورکارروائی کی جائے اور انہیں گرفتارکرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ اگر اعلیٰ حکومتی منصب پر فائز یہ شخصیات ان سفاک قاتلوں اوردہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر نظرآتی ہیں تو وہ اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق قوم کو حقائق بتاکر اپنے استعفے پیش کرکے حکومت سے علیحدہ ہوجائیں۔ جناب الطاف حسین نے جلیل الرحمان شہید سمیت دیگر مقتولین کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
جلیل الر حمان کا بہیمانہ قتل کھلی دہشت گردی ہے ، سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ،رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی کاجلیل الرحمان شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
جلیل الر حمان شہید کو ہزاروں آہوں اور سسکیوں کے درمیان ٹنڈو یوسف کے قبر ستان میں سپر دخاک کردیا گیا
نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ، حق پرست صوبائی وزیر ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر کی شرکت
کراچی :۔۔۔۔4نومبر ، 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم حیدر آباد زون سیکٹر بی کے جوائنٹ سیکٹر انچارج اور سابق حق پرست یوسی نائب ناظم سٹی تعلقہ ڈسٹرکٹ حیدر آباد جلیل الر حمان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس واقعہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ جلیل الرحمان سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گردعناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں بلکہ فوری گرفت اور سخت ترین سزا کے لائق ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبے بھر میں ایم کیوایم کے کارکنان کی ٹارکٹ کلنگ کے واقعات اس بات کی طرف نشاندہی کرتے ہیں کہ سندھ کا امن و امان سندھ دشمن عناصر کو ایک آنکھ نہیں بھا رہا اور وہ نادیدہ قوتوں اور جمہوریت دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلیل الرحمان کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صوبے میں موجودگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔رابطہ کمیٹی نے حیدر آباد کے عوا م سے اپیل کی کہ وہ قتل و غارتگری کے واقعا ت پر ہرگز نہ مشتعل نہ ہوں بلکہ اپنے اتحاد سے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں ۔رابطہ کمیٹی نے جلیل الرحمان شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور درجات کی بلندی سمیت سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم حیدر آباد سیکٹر زون سیکٹر بی کے جوائنٹ سیکٹر انچارج اور سابق حق پرست یوسی نائب ناظم سٹی تعلقہ ڈسٹرکٹ حیدر آباد جلیل الر حمان کے قتل کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔دریں اثناء ایم کیوایم حیدر آباد زون سیکٹر بی کے جوائنٹ سیکٹر انچارج اور سابق حق پرست یوسی نائب ناظم سٹی تعلقہ ڈسٹرکٹ حیدر آباد جلیل الر حمان شہید سینکڑوں آہوں اور سسکیوں کے درمیان ٹنڈو یوسف کے قبر ستان میں سپر دخاک کردیا گیا ۔شہید کی نماز جنازہ نشاط چوک پر ادا کی گئی ۔نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیّد شاکر علی ، ایم کیوایم کے رہنماء عامر خان ، سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمر قریشی و اراکین کمیٹی ، حق پرست صوبائی وزیر زبیر احمد خان ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ایم کیوایم حیدر آباد زون کے انچارج محمد شریف و اراکین زونل کمیٹی ، مختلف شعبہ جات ، علاقائی سیکٹر ز و یونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران و کارکنان سمیت شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے 8نومبر جمعرات کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا
عوامی ریفرنڈم میں عوام سے رائے طلب کی گئی ہے کہ وہ ’’قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا طالبان کا پاکستان ‘‘
ایم کیوایم کی ویب سائٹ www.mqm.org پر آن لائن ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ عوام
ایس ایم ایس سروس اور ڈاک کے ذریعہ بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں
ملک بھر کے عوام پاکستان کے روشن اور بہتر مستقبل کیلئے عوامی ریفرنڈم میں بھرپورشرکت کریں اور اپنے اپنے علاقے میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر جاکریا دیگر ذرائع سے اپنا ووٹ ضرورکاسٹ کریں
ایم کیوایم پاکستان کو قائد اعظم ؒ کے وژن کے مطابق لبرل ، پروگریسیو ، ترقی پسند اور تعلیم یافتہ پاکستان بنانا چاہتی ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار
لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی:۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرووفاقی وزیربرائے سمندرپارپاکستانیزڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے کہاہے کہ قائدتحریک جناب الطاف حسین اورایم کیوایم پاکستان کوقائداعظم محمدعلی جناحؒ کے وژن کے مطابق لبرل،پروگریسو،ترقی پسنداورعلم وعمل سے مالامال تعلیم یافتہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مورخہ8نومبر 2012ء جمعرات کو ملک بھر میں بیک وقت عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا ہے ، عوامی ریفرنڈم میں عوام سے رائے طلب کی گئی ہے کہ وہ ’’قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا طالبان کا پاکستان ‘‘۔عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جہاں صبح 9بجے شام 5بجے تک عوام ووٹنگ میں حصہ لے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دوطبقات ہیں ایک وہ طبقہ ہے جوقائداعظم محمدعلی جناح ؒ کاپاکستان چاہتاہے اوردوسری طرف وہ طبقہ ہے جوپاکستان کو طالبان کاپاکستان بناناچاہتاہے۔انہوں نے پاکستان کے حکمرانوں اورتمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،کارکنوں سمیت تمام مذاہب ، عقائد اورمسالک کے ماننے والے عوام، خصوصاًملک بھرکے طلبہ وطالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اب ایڈھاک ازم سے کام نہیں چلے گا،اب وقت آگیاہے کہ وہ فیصلہ کریں انہیں کس قسم کاپاکستان چاہئے کہ آیاوہ قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں۔۔۔یا۔۔۔طالبان کا پاکستان چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب جوصورتحال ملک میں سامنے آئی ہے یہ ’’اب نہیں تو ۔۔۔ کبھی نہیں والی صورتحال ہے۔وہ اتوارکو ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزو اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ لال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرمنتخب حق پرست عوامی نمائندے اورایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان بھی موجودتھے۔ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ پاکستان اندرونی وبیرونی خطرات سے دوچار ہے ، ایک جانب شدت پسندوں کے خلاف ڈرون حملوں سے پاکستان کی خودمختاری پر سوالیہ نشان لگائے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی انتہاء پسندی، دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ مذہبی انتہاء پسند ، مساجد، امام بارگاہوں، بزرگ ہستیوں کے مزارات ، بچوں اور بچیوں کے اسکولوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں، فوجی تنصیبات پر مسلح حملے کررہے ہیں اور مسلح افواج ، رینجرز، پولیس اور ایف سی کے جوانوں کو سفاکی سے قتل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین ،پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے کئی برس قبل ہی پاکستان بھر کے عوام کو ملک میں مذہبی انتہاء پسندی اور طالبانائزیشن سے آگاہ کردیا تھالیکن بدقسمتی سے سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ، بعض دانشوروں ، اینکرپرسنز اور صحافیوں نے جناب الطاف حسین کے خدشات کوسنجیدگی سے لینے کے بجائے ان کا مذاق اڑایا اور یہ بہتان تراشی کی کہ جناب الطاف حسین ، عوام کو خوف زدہ کررہے ہیں جبکہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے یہ کہاگیا ہے کہ کراچی میں طالبان کی موجودگی کو سنجیدگی سے لیا جائے اورطالبان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس سے یہ حقیقت ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگئی ہے کہ جناب الطاف حسین کے خدشات درست تھے۔ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ موجودہ دور جدید علوم اور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ا س دور میں جو قومیں اور ممالک علم کے زیورسے آراستہ ہیں وہی ترقی کی منازل طے کررہے ہیں اور جو قومیں علم کی دولت سے محروم ہیں وہ ترقی یافتہ ممالک کی خیرات اور امداد کی محتاج بن کر رہ گئی ہیں۔ قرآن مجید اور سرکاردوعالم ؐ کی تعلیمات میں بار بارحصول علم کی ضرورت پر زوردیا گیا ہے اورایک حدیث مبارکہ کے مطابق علم حاصل کرنا مرداورعورت پر لازم قراردیا گیا ہے ، لیکن بدقسمتی سے طالبان دہشت گرد ، اسلام کی آڑ میں نہ صرف دہشت گردی اور قتل وغارتگری کررہے ہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو بالخصوص طالبات کو حصول علم سے روکنے کیلئے گھناؤنے اور سفاکانہ ہتھکنڈے بھی استعمال کررہے ہیں۔مورخہ 9، اکتوبر2012ء کو طالبان دہشت گردوں نے سوات میں قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی اور دیگر دو طالبات کائنات اور شازیہ کواس وقت فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جب وہ اسکول سے اپنے گھر جارہی تھیں۔ دہشت گردوں کی اس سفاکانہ اور بزدلانہ کارروائی پر پوری قوم سراپا احتجاج بن گئی اور پاکستان کے عوام 1965ء سے زیادہ متحد ہوکر اس دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کس قسم کا پاکستان چاہتے تھے اس کااندازہ 11، اگست1947ء کو دستورساز اسمبلی سے ان کی تاریخی صدارتی تقریر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو تھیوکریٹک ریاست نہیں بلکہ ایسی لبرل، سیکولر اور پروگریسیو ریاست بنانا چاہتے تھے جہاں تمام مذاہب، مسالک اور فقہوں کے ماننے والوں کو اپنے اپنے عقیدے کے مطابق اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جانے اورعبادت کرنے کی مکمل آزادی ہواورانہیں زندگی کے ہرشعبہ میں مساوی حقوق میسر ہوں لیکن طالبان دہشت گردوں پر مشتمل ایک طبقہ اپنے فرسودہ اورغیرشرعی نظریات وعقائد دوسروں پر زبردستی مسلط کرکے قائداعظم کے وژن کو مسخ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ یہ طبقہ ، پاکستان میں خواتین کے حقوق پامال کررہا ہے ، ان پرسرعام کوڑے برسارہا ہے، انہیں جانوروں کی طرح باندھ کر سفاکی سے سنگسارکررہا ہے، بچیوں کو تعلیم کے حق سے محروم کرنے کیلئے اسکولوں کو بموں سے اڑارہا ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کو کافرقراردیکر ان کے گلے کاٹ رہا ہے، پاکستان کے آئین کو تسلیم کرنے سے انکار کررہا ہے حتیٰ کہ معصوم بچیوں پر قاتلانہ اور بزدلانہ حملے کررہا ہے ۔ اب یہ پاکستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس قسم کے پاکستان کے حامی ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایم کیوایم ،پاکستان کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک جمہوری ، لبرل، سیکولراورپروگریسیو ریاست بنانا چاہتی ہے اورپاکستان میں ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتی ہے جہاں بلاامتیاز رنگ ونسل،زبان، قومیت، عقیدہ، مسلک اورمذہب سب کی جان ومال اورعزت وآبروکا تحفظ ہو۔اورملالہ یوسف زئی سمیت دیگر طالبات پر طالبان دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے کے بعد پاکستان کے عوام نے جس طرح اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان بھر کے عوام بھی اپنے وطن میں علم کافروغ، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کی جان ومال کاتحفظ چاہتے ہیں۔ پاکستان بھر کے عوام طالبان دہشت گردوں کے من گھڑت نظریات اور خیالات سے ہرگز متفق نہیں ہیں اور وہ مذہب کی آڑ میں ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت پر متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام مورخہ 8، نومبر2012ء بروز جمعرات کو ملک بھرمیں بیک وقت عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام سے رائے طلب کی جائے گی کہ وہ کس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں ؟ آیاوہ قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا طالبان کا پاکستان۔عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جہاں عوام آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔عوامی ریفرنڈم کیلئے ووٹنگ کا سلسلہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔اس سلسلے میں ایم کیوایم کی جانب سے لاکھوں کی تعداد میں بیلٹ پیپر شائع کرائے گئے ہیں جوکہ ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب ہونگے ۔ریفرنڈم کے عمل کی نگرانی اورووٹوں کی گنتی ریٹائرڈ ججوں، سینئر وکلاء ، سینئر صحافیوں ، دانشوروں اور دیگرمعززین پر مشتمل ریفرنڈم کمیشن کرے گااوریہی کمیشن ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کرے گا۔ایم کیوایم کی جانب سے ریفرنڈم کمیشن کے ارکان کے ناموں اور دیگر تفصیلات کا اعلان اگلی پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کے علاوہ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایم کیوایم کی ویب سائٹ www.mqm.org پر آن لائن ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ عوام ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاک کے ذریعہ بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد کے پتے 494/8 عزیزآباد کراچی پر ارسال کرسکتے ہیں۔ مزید معلومات کیلئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد کے ٹیلی فون نمبرز 021-3631 3690 - 021-3632 9900 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ صوبہ سندھ ، صوبہ پنجاب، صوبہ خیبرپختونخوا، صوبہ بلوچستان ، آزادکشمیر ،گلگت اور بلتستان کے عوام اپنے اپنے شہروں میں ایم کیوایم کے زونل دفاترکے ٹیلی فون نمبروں پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں جن کی فہرست منسلک ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آج طرح طرح کے مسائل کاشکارہے ، ہم پاکستان کو ان مسائل سے نکالناچاہتے ہیں،ایم کیوایم کایہ ریفرنڈم مسائل کاشکارملک میں نئی روح پھونک کراسے نہ صرف اپنے پیروں پرکھڑاکرنے میں مددگارثابت ہوسکتاہے بلکہ اسے غیرملکی امداد اوربھیک سے نجات دلاکراسے ایک خودمختارملک بنانے کی جانب گامزن کرسکتاہے۔اس ریفرنڈم کے ذریعہ پاکستان بھر کے عوام وطن عزیز پر بری نظرڈالنے والوں پر واضح کرسکتے ہیں کہ سچے محب وطن پاکستانی اپنے وطن کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے متحد ومنظم ہیں اورپاکستان پر بری نظررکھنے والوں کوپہلے سچے پاکستانیوں کوختم کرناہوگاتب وہ پاکستان کی طرف بری نظرڈال سکتے ہیں۔ ایم کیوایم کا عوامی ریفرنڈم انتہائی اہمیت کاحامل ہے،اس کے ذریعے ملک کی تقدیرکافیصلہ ہوگا،اس ریفرنڈم میں پڑھے لکھے نوجوان،طلبہ وطالبات اور ملک سے سچی محبت کرنے والے تمام محب وطن عوام بتائیں گے کہ وہ کیساپاکستان چاہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان بھر کے عوام ، دانشوروں، وکلاء، ڈاکٹروں ، انجینئروں، اساتذہ، دانشوروں ، صحافیوں ، کالم نگاروں ،علمائے کرام، تاجروں ، صنعتکاروں، سول سوسائٹی ، این جی اوز کے نمائندوں،محنت کشوں ، ہاریوں اور کسانوں بالخصوص نوجوان طلبا وطالبات سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان کے روشن اور بہتر مستقبل کیلئے اس عوامی ریفرنڈم میں بھرپورشرکت کریں اور اپنے اپنے علاقے میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر جاکریا دیگر ذرائع سے اپنا ووٹ ضرورکاسٹ کریں ۔بعدازاں انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ اب جو صورتحال ملک میں سامنے آئی ہے وہ اب نہیں تو پھر کبھی نہیں کی صورتحال ہے ، اب پاکستان کے حکمراں ہوں ، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے آئینی و ریاستی ادارے ہوں اب ہم سب کو اور پاکستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا اب کوئی تھرڈ آپشن نہیں ہے کہ ہم مزید ایڈہاک ازم سے کام لیں ، مصلحتوں اور منافقت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ پاکستان میں دو طرح کے طبقات ہیں واضح تقسیم ہوگئی ہے ایک طبقہ پاکستان کو طالبان کا اور دوسرا قائدا عظم کا پاکستان بنانا چاہتا ہے ۔ایک اورسوال کے جواب میں ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ اے این پی یا دیگر سیاسی جماعتیں پاکستانی قوم کا حصہ ہیں اور یہ ایک بہت بڑا قومی ایشو ہے اس پر قومی اتفاق رائے کی جتنی آج پاکستان کو ضرورت ہے شاہد سے پہلے نہیں تھی ، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں ، سیاسی کارکنوں اور ہر خاص و عام سے اپیل کی ہے کہ علیحدہ علیحدہ کی بات نہیں یہ ریفرنڈم ملک کی بقاء و سلامتی کا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ایک لبر ل ، ترقی پسند پروگریسو پاکستان چاہتی ہے ، تعلیم و علم کا فروغ چاہتی ہے ، خواتین ، بچوں اور غیر مسلموں کے حقو ق کا تحفظ ، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم ااہنگی قائم کرنا چاہتی ہے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر ہم پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کی پالیسی پر گامزن رہیں گے ۔ بعدازاں ڈاکٹرفاروق ستارنے ہفتہ کو حیدرآباد میں ایم کیوایم کے ناظم جلیل الرحمن کے بہیمانہ قتل اور شہادت کی بھر پور مذمت بھی کی اورکہاکہ اس سے قبل بوہری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا کراچی میں بھی بوہری کیونٹی کے افرراد کو نشانہ بنایا گیا ۔ڈاکٹرفاروق ستارنے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور وزریاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پرزورمطالبہ کیاکہ وہ جلیل الرحمن سمیت تمام افراد کے قتل کی تحقیقات کرائی جائے ، بوہری ، آغاخانی برادری سمیت تمام برادریوں اور اقلیتوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیاجائے ۔
متحدہ بین المسلمین فورم کے صدر مولانا تنویر الحق تھانوی کی سربراہی میں وفد کی تنظیم المکاتب کے مرکزی دفتر میں
معروف شیعہ عالمِ دین علامہّ سید رضی جعفر نقوی سے ملاقات
ملاقات میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے قیام بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
ایم کیوایم شہر سمیت ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے، علامہ سید رضی جعفر نقوی
فورم کے قیام کابنیادی مقصد تما م مسلمانوں کو فر قہ واریت اور فروعی اختلافات کو پس پشت ڈا ل کر ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے ، وفد
کراچی:۔۔۔۔4،نومبر2012ء
متحدہ بین المسلمین فورم کے صدر مولانا تنویر الحق تھانوی کی سربراہی میں وفد نے تنظیم المکاتب کے مرکزی دفتر میں معروف شیعہ عالمِ دین علامہّ سید رضی جعفر نقوی سے ملاقات کی اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے قیام بھائی چارگی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سینئر نائب صدور علامہ عباس کمیلی ، ڈاکٹر جمیل راٹھور ، مولانا اسددیوبندی ،نائب صدر مولانا ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، جنرل سیکریٹری شاہ فیروز الدین رحمانی اور رابطہ سیکریٹری محمد ناصر یامین شامل تھے جبکہ اس موقع پر مولانااکرام حسین ترمذی ، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ باقر زیدی م علامہ نثار قلندری ، علامہ علی کرار نقوی ، آغا حبیب حیدر عابدی ، علامہ اظہر حسین نقوی ، علامہ تقی ہادی ، سلمان مجتبیٰ بھی موجود تھے ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہاکہ ایم کیوایم شہر سمیت ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے تاکہ ملک بھر میں تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان باہمی اتحادواتفاق کی فضاء کو پروان چڑھایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین واحد رہنماء ہیں جو ملک بھر میں مذہبی فرقہ واریت کیخلاف آواز حق بلند کررہے ہیں اور یہ قابل ستائش ہے۔اس موقع پر وفد نے سید رضی جعفر نقوی کو متحدہ بین المسلمین فورم کی تشکیل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فورم کے قیام کابنیادی مقصد تما م مسلمانوں کے درمیان فر قہ واریت اور فروعی اختلافات کو پس پشت ڈا ل کرانہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکرکے اتحاد ہی میں ملک و ملت کی بقا ء چھپی ہوئی ہے لہٰذا فورم کی جانب سے تما م مکتب فکر کے علماء و مشائخ سے ملاقات کا مقصد صرف یہ ہے کہ تما م مسلمانوں کے درمیان نفرت ختم کرکے ان عنا صر کو ناکام بنانا ہے جو کہ فرقہ واریت کے نام پر مسلمانوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والے خون خرابے کے عوامل اور ا س کے ذمہ دار عناصر کا علم حکومت اور قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں سمیت ہر ایک کو ہے مگر ان کے خلاف کوئی کاروائی نظر نہیںآتی ۔انہوں نے مولانا حتشام الحق تھانوی اور جناب علا مہ رشید ترابی کی جانب سے مذہبی رواداری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسوس یہ ہے کہ اتنی خونریزی کے باوجودآج کوئی آواز اُٹھانے کو تیار نظر نہیں آتا۔اس موقع پر علامہ رضی جعفر نقوی نے متحدہ بین المسلمین کے وفدکاشکریہ ادا کیااور مذہبی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کا یقین بھی دلایا ۔
پختون قوم قائد تحریک جناب الطاف حسین کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں ، ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی
ایم کیوایم نے طالبان دہشت گردوں کے خلاف جو جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا ہے اس کی پوری قوم پختون حمایت کرتی ہے
پختون مائیں ، بہنیں ، بزرگ اور نوجوان ایم کیوایم کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونیوالے عوامی ریفرنڈم میں بھر پور حصہ لیں ، اپیل
ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام سائٹ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کے یونٹوں کے ذمہ داران کے اجلاس سے اظہار خیال
کراچی ۔۔۔4، نومبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیرا ہتمام سائٹ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کے یونٹوں کے ذمہ داران کا اجلاس خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں منعقد ہوا جس سے پختون آرگنائزنگ کمیٹی کی مرکزی کمیٹی کے اراکین انور شہباز اور شیر ولی آفریدی نے اظہار خیال کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم سائٹ ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن کے یونٹوں کے ذمہ داران و کارکنان سمیت ہمدردوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اراکین نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پختون قوم قائد تحریک جناب الطاف حسین کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے عملی جدوجہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے طالبان دہشت گردوں کیخلاف جو جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا ہے اسکی پوری پختون قوم حمایت کرتی ہے آج ملک بھر کے عوام کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا پڑے گا پھر کہیں پوری قوم انتہاء پسندطالبان کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکے گی اور اس کیلئے قوم کو قائد اعظم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں انہوں نے پختون ماؤں ، بہنوں ،بزرگوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونیوالے عوامی ریفرنڈم میں بھر پور حصہ لیں اور اپنے ووٹ کا درست استعمال کرتے ہوئے اپنے اتحاد و اتفاق سے ثابت کردیں کہ آیا آپ قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا پھر طالبان کا پاکستان چاہتے ہیں ۔