ایم کیوایم کورنگی سیکٹر یونٹ 76 کمیٹی کے رکن امان اللہ کے قتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
امان اللہ شہید آہوں اور سسکیوں کے درمیان چکرا گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک، نماز جنازہ اور تدفین میں رابطہ کمیٹی ،حق پرست نمائندوں اور دیگر ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ مرحوم کے عزیزواقارب کی شرکت
کراچی :۔۔۔2ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کورنگی سیکٹریونٹ76کے یونٹ کمیٹی کے رکن امان اللہ کونامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہرمیں سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کی قتل کی وارداتوں کاسلسلہ جاری ہے۔رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ کورنگی سیکٹریونٹ76کے کمیٹی رکن امان اللہ کے بہیمانہ قتل کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔دریں اثناء کورنگی سیکٹر یونٹ76 کے کمیٹی رکن امان اللہ شہید کو سینکڑوں افرادکی آہوں اورسسکیوں کے درمیان چکراگوٹھ قبرستان میں سپردخاک کردیاگیااس سے قبل شہید کی نماز جنازہ بعد نماز عصر فاروق اعظم مسجدمدینہ کالونی میں اداکی گئی ۔نمازجنازہ اورتدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی،حق پرست اراکین اسمبلی معین عامر پیرزادہ،شیرازوحید،کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان،کورنگی سیکٹرکمیٹی ویونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران،کارکنان ،ہمدردوں اورشہیدکے عزیزواقارب نے بڑی تعدادمیں شرکت کی اور شہیدکی مغفرت اوران کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔