دہشت گردی کے خلاف آج پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک صفحہ پر ہے ،الطاف حسین
سب سے پہلے ملک سے دہشت گردوں کاصفایا ہوگااس کے بعدقانون کے مطابق جاگیرداروں وڈیروں اورکرپٹ سیاستدانوں کے احتساب کا مرحلہ شروع ہوگا
اپنے اپنے منشور اورنظریات کی تبلیغ کرناسب کاحق ہے لیکن کسی کو کلاشنکوف، ڈنڈا بردار اور تلواروں کے ذریعہ اپنی خودساختہ شریعت یانظریہ دوسروں پر مسلط کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کرنی چاہیے
ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہواورکوئی بھی کرے
جناح پارک کراچی میں مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے منعقدہ تاریخی اجتماع کے لاکھوں شرکاء سے وڈیو لنک کے ذریعہ خطاب
لندن۔۔۔6،جولائی2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف آج پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک صفحہ پر ہے ، سب سے پہلے ملک سے دہشت گردوں کاصفایا ہوگااس کے بعد جاگیرداروں ، وڈیروں اورکرپٹ سیاستدانوں سے باز پرس کی جائے گی اور قانون کے مطابق ان کے احتساب کا مرحلہ شروع ہوگا۔ اپنے اپنے منشور اورنظریات کی تبلیغ کرناسب کاحق ہے لیکن کسی کو کلاشنکوف، ڈنڈا بردار اور تلواروں کے ذریعہ اپنی خودساختہ شریعت یانظریہ دوسروں پر مسلط کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کرنی چاہیے۔یہ بات انہوں نے جناح پارک کراچی میں مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے منعقدہ تاریخ ساز اجتماع کے لاکھوں شرکاء سے وڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہی۔رمضان کامہینہ ہونے اورچلچلاتی دھو پ ہونے کے باوجودایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کی اپیل پر اس جلسہ عام میں لاکھوں افرادنے شرکت کی اور مثالی نظم وضبط کامظاہرہ کیا۔ اجتماع میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوں کے علاوہ پاکستان کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ، منتخب نمائندوں، سماجی، ادبی، کاروباری ،کالم نگاروں، فنکاروں، کھلاڑیوں، تمام مکاتب فکرکی مذہبی شخصیات اورمختلف مذاہب کے نمائندوں نے بھی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جناب الطاف حسین نے اجتماع میں شرکت کرنے پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اورانہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اجتماع کے شرکاء کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اجتماع پاکستان کی مسلح افواج سے یکجہتی کا عظیم الشان اور تاریخی مظاہرہ ہے اوراس اجتماع میں تاحدنگاہ انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجود ہے ۔ پاکستان کی مسلح افواج، اس تاریخ ساز اجتماع کی کامیابی کی سب سے زیادہ حق دار ہے ۔آج مسلح افواج کے ایک ایک فوجی افسر، کورکمانڈر اور جوان اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کہ پورا پاکستان ان سے محبت کرتا ہے۔یہ اجتماع دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے فوجی جرنیل سے جوان تک کو خراج عقید ت پیش کرتا ہے اور جو فوجی افسران اور جوان آج تک دہشت گردوں کے خلاف ہمت وجرات اور بہادری سے برسرپیکار ہیں اور ہرمحاذ پر دشمنوں کو بری طرح شکست دے رہے ہیں انہیں سلام تحسین پیش کرتا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں مسلح افواج کو یقین دلاتا ہوں کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن آپ کے ساتھ ہے ۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر مسلح افواج کو سیلوٹ پیش کیا جس کی تقلید کرتے ہوئے اجتماع کے لاکھوں شرکاء نے بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر پاک فوج کوسیلوٹ پیش کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے کارکنان نے ایک مرتبہ پھر مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اور جناب الطاف حسین کے ایک دوتین کہتے ہی لاکھوں افراد کے پنڈال پر گہری خاموشی چھاگئی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر کسی ملک کو تباہ کرنا مقصود ہوتو اس ملک میں رہنے والوں کو لسانیت، ثقافت ، علاقائیت ، صوبائیت ، فقہی اور مذہب کی بنیاد پر نفرت کے بیج بو دیئے جاتے ہیں پھراس ملک پر کسی دوسرے ملک کو یلغارکرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اسی سازش کے تحت پاکستان دشمن عناصر نے ملک میں فرقہ واریت کی بنیادپر نفرتوں کے بیج بوئے تاکہ پاکستان کے عوام کو فرقہ واریت کی بنیاد پرتقسیم کیاجاسکے اورپاکستان کو غیرمستحکم کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود مذہبی جماعتیں اپنے اپنے منشور اورنظریات کی تبلیغ کرتی ہیں اور یہ سب کاحق ہے لیکن کسی کو کلاشنکوف، ڈنڈا بردار اور تلواروں کے ذریعہ اپنی خودساختہ شریعت یانظریہ دوسروں پر مسلط کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف آج پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک صفحہ پر ہے ، سب سے پہلے ملک سے دہشت گردوں کاصفایا ہوگااس کے بعد جاگیرداروں ، وڈیروں اورکرپٹ سیاستدانوں سے باز پرس کی جائے گی اور قانون کے مطابق ان کے احتساب کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کے ایماندار لوگوں کا اقتدار آئے گا، جہاں رشوت اورکمیشن لینا اورسرکاری بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے لیکر معاف کراناواقعتا حرام قراردیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جن لوگوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کردی ہے ، کوشش کی جائے گی کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت لوٹی گئی دولت واپس لاکر قومی خزانے میں جمع کرائی جائے اگر ایسا نہ ہوسکے تو پھر فیصلہ کرنا ہوگا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ میری ذاتی رائے ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو ان کے اہل خانہ سمیت پہنے ہوئے کپڑوں اور بچوں کیلئے دودھ کے ہمراہ چارٹرطیاروں میں بٹھاکر ان ممالک بھیج دیا جائے جہاں ان لوگوں نے اپنی جاگیریں بنارکھی ہیں اور پاکستان میں ان کی جاگیروں کو قبضہ میں لیکر وہاں کالج، اسکول، اسپتال اور خواتین کے تربیتی مراکز قائم کیے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کو اقتدار کا موقع ملا تو ہم ملک سے دہرے نظام تعلیم کاخاتمہ کریں گے ، ملک میں یا تو گرامر اسکول نہیں ہونگیں یا تمام سرکاری اسکولوں کا معیا رگرامر اسکولوں کی سطح پر لے آئیں گے تاکہ امیر اور غریب سب کے بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کے دوران انگریزی میں بھی ایم کیوایم کاسیاسی پروگرام بیان کیااورکہاکہ ایم کیوایم پاکستان میں صحیح معنوں میں سچا اور جمہوریت کی روح کے مطابق حقیقی جمہوری نظام چاہتی ہے ۔ایسی جمہوریت جس کی تعریف یہ ہے کہ عوام کی حکومت، عوام کیلئے اورعوا م میں سے لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے ایسانہیں ہے ، یہاں جمہوریت کے نام پر جاگیرداروں کی حکومت، جاگیرداروں کیلئے اورجاگیرداروں میں سے ہوتی ہے۔ ایم کیوایم اس استحصالی نظام کاخاتمہ چاہتی ہے، ایم کیوایم ملک میں تمام شہریوں کیلئے انصاف کاایسانظام چاہتی ہے جہاں صرف امیرہی عدالت کادروازہ نہیں کھٹکھٹا سکے بلکہ غریب کوبھی انصاف تک رسائی ہو۔ یہ کیسا انصاف کانظام ہے کہ ایک وزیراعظم کوعدالت طلب کرکے برطرف کردیاجائے مگر دوسرے کے خلاف کتنے ہی مقدمات کیوں نہ ہوں اس کے خلاف کچھ نہ ہو، مہران بینک اسکینڈل میں جب لوگوں کے نام سامنے آئے توکہاگیاکہ یہ سارے شرفاء ہیں اور ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ اس کامطلب ہے کہ دال میں کچھ کالانہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہواورکوئی بھی کرے، ایم کیوایم ایسامعاشرہ قائم کرناچاہتی ہے جہاں زندگی کے تمام شعبوں میں لوگوں کورنگ ، نسل ، زبان،جنس، فقہ ، مسلک اور مذہب کے امتیاز سے بالاترہوکرسب کومساوی حقوق میسرہوں،مسلمان، ہندو، سکھ ، عیسائی،یہودی ،احمدی یاکسی بھی مذہب یاعقیدے کے ماننے والے ہوں سب کوآزادی کے ساتھ جینے کاحق ہو،اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جانے اور عبادت کرنے کاحق ہو۔ایم کیوایم کی حکومت آئی توتمام لوگوں کو ہرقسم کے امتیازسے بالاترہوکر ان کامساوی حق ملے گا۔ہم دہرا نظام تعلیم ختم کریں گے، امیروں اورغریبوں کیلئے اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے قائم کریں گے ، کاروکاری، ونی کی ظالمانہ رسومات اورغیرت کے نام پر قتل کاسلسلہ بندہوگا ۔ ہم ایسی سوسائٹی قائم کرناچاہتے ہیں جسے پوری دنیا ’’ نیشنل انٹی گریٹڈ سوسائٹی ‘‘ کہتی ہے۔ جناب الطاف حسین نے سابق صدرپاکستان جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے معاملہ پر قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ۔ آرٹیکل 6 کو اس کی شق اے ، بی اور سی کے ساتھ دیکھا جاناچاہیے۔ اگر کوئی پرویز مشرف کو پھانسی دینا چاہتا ہے تو ضروردے لیکن یہ بھی خیال رکھا جائے کہ اس وقت پرویز مشرف جہاز میں تھے ،زمین پر جنہوں نے وزیراعظم کو گرفتارکیااور اقتدار پرقبضہ کیاوہ سب کے سب اس جرم میں مدد اورمعاونت کے مرتکب ہیں ۔ اگر پرویز مشرف پر مقدمہ چلانا ہے تو پھر ان کے برابر گھر میں سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کو بھی نظربند کردیں اسی طرح آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے جرم میں مدد اورمعاونت کرنے والے دیگر کیلئے بھی مکانات تلاش کرکے ایک بستی قائم کرلی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اب ملک میں یہ دھاندلی نہیں چلے گی ، موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف ، فوجی جرنیل ، افسران اور جوان یہ سب بہادروں کی ٹیم ہے ، انہوں نے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کررکھا ہے جس پر میں پوری پاک فوج کو سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔ جناب الطا ف حسین نے فرقہ واریت کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ عوام کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت اورشیعہ سنی جھگڑوں کے خاتمہ کیلئے میں نے35سال صرف کئے اورگلی گلی جاکران جھگڑوں کوختم کرایا، آج پھرشیعہ سنی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ لوگوں کوہاتھ اٹھاکریہ عہد کرناہوگاکہ آپ کے ہاتھ سے کسی کونقصان نہیں پہنچے گا،آپ شیعہ ہوں ہویاسنی، آپ ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ محافظ بنیں گے۔جناب الطاف حسین نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے معصوم لوگ طالبان کے یرغمال بنے ہوئے تھے اورآج انہی کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام عوام کو چاہیے کہ وہ ان آئی ڈی پیز کیلئے دل کھول کرعطیات دیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم آئی ڈی پیز کی امدادکیلئے کوشاں ہے، اب تک کئی ٹرک امدادی سامان جمع کرکے فوج کے حوالے کیاجاچکاہے اورمزیدعطیات بھی جمع کئے جارہے ہیں ۔جناب الطاف حسین نے اجتماع کے موقع پربھرپورتعاون کرنے پر گورنر سندھ ، حکومت سندھ ،پولیس ،رینجرزاورلاء انفورسمنٹ ایجنسیز کاخصوصی شکریہ اداکیا۔ انہوں نے اجتماع کے شاندار انتظامات کرنے پر تمام یونٹوں، سیکٹروں، زونوں اورتمام تنظیمی شعبہ جات کے کارکنوں اورذمہ داروں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے اجتماع میں شرکت کیلئے بیرون ملک سے آنے والوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اجتماع کے تمام شرکاء کیلئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ سب کی مشکلات حل فرمائے ، جائزمرادوں کوپوراکرے، ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کوبازیاب کرائے اورشہیدوں کواپنی جواررحمت میں جگہ دے۔ جناب الطاف حسین نے اجتماع میں شرکت کرنے پر پی ایم ایل ن کے سینررہنما الٰہی بخش سومرو، بزرگ سیاسی رہنمامعراج محمدخان، شیخ رشیداحمد، احمدرضا قصوری ، دیگر سیاسی رہنماؤں، سینئر صحافیوں، اقلیتی رہنماؤں اوردیگرتمام افرادکاشکریہ اداکیا۔