کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پرا یم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش ہے اور اس میں ملوث عناصر شرپسند ہیں، رابطہ کمیٹی
جناب الطاف حسین کی گرفتاری کی خبروں کے بعد بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔3، جون 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری کی خبروں کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واضح کیا کہ بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش ہے اور اس میں ملوث عناصر شرپسند ہیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جناب الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے کے بعد ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے صحافیوں کو ہنگامی پریس بریفنگ دی اور اس میں اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں ، ہر قیمت پر پرامن رہیں ،اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ،افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی صورت ایسا عمل نہ کریں جو قائد تحریک جناب الطاف حسین کی امن پسندی کی تعلیمات کے خلاف ہواور عوام و کارکنان حالات سے آگاہ رہنے کیلئے ایم کیوایم کے مرکز سے رابطہ میں رہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بسوں اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات میں تحقیقات کرائی جائیں اور اس میں ملوث سرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔