جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد ہ عوامی سمندر اٹھے گا تو تباہی نہیں تعمیری تبدیلی لائے گا ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی عدالت نے برطانیہ کی حکومت پر مقدمہ قائم کردیا ہے،فاروق ستار
وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے اپیل ہے کہ جناب الطاف حسین کی بات کو سنا اور ان کی مشکلات کو آسان کیاجائے، حیدر عباس رضوی
ڈیوڈ کیمرون سے درخواست ہے کہ کروڑوں عوام کے قائد الطاف حسین کو دکھ دینے والوں کو روکا جائے ، رؤف صدیقی
مخصوص انتہاء پسند سوچ سے اتفاق نہیں رکھنے والے افراد کو چن چن کر قتل کیاجارہا ہے، فیصل سبزواری
سن آف دی نیشن جناب الطاف حسین کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیاجائے اگر جاری نہیں کیا گیا توبغیر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے بھی ان کے کروڑوں چاہنے والے اس مسئلے کو حل کردیں گے، سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی
پاکستان قائم اور آباد رہے گا اور الطاف حسین اس کی حفاظت کریں گے،بیرسٹر سیف
جناب الطاف حسین کے بنک اکاؤنٹ ان کی عوامی طاقت ہے اور ان کے برطانیہ میں اکاؤنٹ بند کردینے سے کچھ نہیں ہوگا ، نبیل گبول
جناب الطاف حسین کو بے توقیر کرنے والے خود اپنی عزت گنوا رہے ہیں ، آغا مسعود حسین
محمد علی جناح کے ملک کو جو تحفظ دے سکتا ہے وہ جناب الطاف حسین جیسا لیڈر ہی دے سکتا ہے ، مقتدا منصور
الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی میں ملک کی تمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے لاکھوں افراد موجود ہیں ، وقار حسین شاہ
برطانیہ جیسے ملک میں بغیر ثبوت و شواہد کے جناب الطاف حسین کے اکاؤنٹ بند کردیئے گئے، ہندو برادری کی سماجی سخصیت منگلا شرما
جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کی ریلی نے تمام جلسوں کاریکارڈ توڑ دیا ہے، غازی صلاح الدین
جناب الطاف حسین کو مشکلات کا شکار کیاجارہا ہے، بشپ صادق ڈینیل
ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر پر جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد کی گئی تاریخی اور فقید المثال ریلی کے لاکھوں شرکاء سے خطاب
کراچی ۔۔۔25،مئی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بنیادی حقوق کو سلب نہیں ہونے دیاجائے گا ، ایم اے جناح روڈ پر جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع عوامی سمندر اٹھے گا تو تباہی نہیں تعمیری تبدیلی لائے گا کیونکہ یہ کوئی سونامی نہیں ہے یہ تبدیلی کا سمندر ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر پر جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد کی گئی تاریخی اور فقید المثال ریلی کے لاکھوں شرکاء سے خطاب
صفحہ:۔۔(2)
کرتے ہوئے کیا ۔ تاریخی اور عظیم الشان ریلی میں مختلف قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے افراد ، علمائے کرام ، وکلاء ، ڈاکٹرز ، انجینئر ز ، صحافی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی جنہو ں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور ایم کیوایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ریلی کے شرکاء نے جناب الطاف حسین سے والہانہ عقیدت و محبت کااظہا رکیا اور ان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے رہے ۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ قائد اعظم ؒ کی مشعل قائد ملت اور آج قائد تحریک کے ہاتھ میں ہے ، ہم بار بار کہتے ہیں کہ پاکستان بنایا تھا ، پاکستان بچائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آج یہ بیس لاکھ کا مجمع الطاف حسین کے اپنوں کا مجمع ہے ، ہم برطانوی حکومت سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ قائد تحریک الطاف حسین کا یہ جرم ہے کہ جس طرح آپ کے ملک میں امن ہے اسی طرح میرے ملک میں امن ہو ، جس طرح آپ کے ملک میں جمہوریت ہے پاکستان میں جمہوریت ہو پھر آپ ہمیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین نے کبھی کچھ نہیں لیا دیا ہی دیا ہے نام ، پہچان ، شناخت دی ہے ، بھٹکے ہوئے کو راستہ دیکھایا ہے اور حقوق کا شعور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین کے بنیادی حقوق سلب نہیں ہونے دیں گے، اس سے قبل بھی ظالم اور غاصب قوتوں نے ہر دور میں اسی طرح کیا ہے کہ جناب الطاف حسین کو سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے ، جناب الطاف حسین اس دور کے سقراط ہیں وہ زہر کا پیالہ تو پی سکتے ہیں لیکن سچ بولنے سے نہیں رک سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین امر ہیں اور تاریخ میں موجود رہیں گے کیونکہ تم نے ایک حق پرست صدیوں پہلے بھی شہید کیا لیکن تاریخ میں ٹیپو سلطان کے نام سے زندہ رہا ۔ انہوں نے پاکستان آرمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کیسی خوش نصیب آرمی ہے جس کے ہراول دستے کیلئے الطاف حسین کے دستے کے 20لاکھ افراد یہاں موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کئی گھنٹوں سے تپتا سورج چلا گیا لیکن جناب الطاف حسین کے کارکنان یہاں موجود ہیں اور جناب الطاف حسین کے حقوق کیلئے کسی قسم کی نرمی کا مظاہرہ کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ملک کے استحصالی نظام کے خلاف ریلیاں ، مظاہرے اور جلسے کئے ہیں ہم نے اب تک جو ریلیاں کیں وہ کالے انگریزوں کے ظلم و ناانصافی کے خلاف تھی آج کی ریلی گورے انگریزوں کے ظلم و ناانصافی کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین پاکستان کے استحکام ، سلامتی کی ضمانت ہیں تو آج جناب الطاف حسین کو یہ کردار ادا کرنے سے روکا جارہا ہے ، پاکستان بچانے کے عمل سے جناب الطاف حسین کو علیحدہ کیا جارہا ہے اور لندن میں ان کے بنک اکاؤنٹ بند کئے جارہے ہیں چنانچہ آج پھر ایم اے جناح روڈ پر ایک اور عوام کی عدالت لگی ہے اور اس لاکھوں کی عدالت نے بھی یہ فیصلہ دیا ہے کہ ناانصافی پاکستان یا برطانیہ میں ہو ، ناجائز اقدام پاکستان میں ہو یا برطانیہ میں ہو ہم اپنی آزادی کے تحفظ کو اچھی طرح جانتے ہیں اس ظلم و ناانصافی کے خلاف بھی انشاء اللہ تعالیٰ پرامن اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک برطانیہ میں ہونے والی ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ ختم نہ ہوجائے ۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمران کو باور کراتے ہوئے سوال کیا کہ اگر متحدہ قومی موومنٹ پولیس کی تحقیق میں تعاون کررہی ہے تو پھر جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے مختلف رہنماؤں کو برطانیہ میں کیوں ہراساں کیاجارہاہے ؟ انہیں پاکستان بچانے کے عمل سے کیوں روکاجارہا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ، مقدمہ چلا نہیں ، جرم ثابت نہیں ہوا اور کوئی فیصلہ عدالت سے نہیں آیا ہے پھر جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے بنک اکاؤنٹ کیوں بند کئے جارہے ہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ آج عوامی عدالت نے برطانیہ کی حکومت پر مقدمہ قائم کردیا ہے اور پرامن احتجاج ریکارڈ کراکر جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گیارہ سال کی بچی افضا ء الطاف حسین کا آئی پیڈ اور کیمرا منی لانڈرنگ کیس میں اٹھایا گیا اس کا اس کیس سے کیا تعلق بنتا ہے ؟سکے جمع کرنا جناب الطاف حسین کا بچپن سے مشغلہ ہے تو ان کے سکوں سے بھرے شیشے کے جار بھی منی لانڈرنگ کیس میں اٹھا کر لے گئے ہیں کیا برطانیہ میں سکے جمع کرنے جرم ہے ۔ انھوں نے برطانیہ میں 12ویں صدی میں پا س ہونے والے میگنا کاٹا قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میگا کاٹاکے مطابق انسانی حقوق کے اصولوں پر عمل کرتا ہے لیکن الطاف حسین کے ساتھ ہونے والا ناروا سلوک کر کے برطانوی حکومت میگنا کاٹا کی بھی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہاکہ ایم کیوایم کے سچے وفادار کارکنان بانی و قائد جناب الطاف حسین کو اظہا ریکجہتی ریلی میں دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج جناب الطاف حسین سے اپنی سچی محبت کے اظہار کیلئے لاکھوں کی تعداد میں تبت سینٹر سے لیکر تین ہٹی چوک تک جناب الطاف حسین کے دیوانوں ،پروانوں اور متوالوں کا جلسہ ثابت کررہا ہے کہ کم از کم پاکستان میں کوئی اور سیاسی رہنما سوائے جناب الطاف حسین کے ایسا نہیں ہے کہ جس کے چاہنے والے اپنے قائد پر اس طرح سے مر مٹنے اور جانیں دینے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین ملک کی 95فیصد خاموش اکثریت کے ترجمان اور دلوں کی دھڑکن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون سے اپیل ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین اس ملک کے واحد سیکولر اور سیاسی جماعت کے رہنما ہیں ، جناب الطاف حسین کی بات کو سنا جائے ان کی مشکلات کو آسان کیاجائے۔ سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے الطاف حسین کے اندر عقابی شان پیدا کی ہے اور الطاف حسین تحریک کو جلد منزل پر پہنچائیں گے جناب الطاف حسین نے جس اسٹیبلشمنٹ کا مقابلہ کیا ہے مجھے نہیں معلوم کہ اس کا رنگ کیا ہے لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ انہوں نے مجھے مذہبی اسٹیبلشمنٹ سے نکال کر ملک کے ایوان میں پہنچایا ہے اور میں اسٹیبلشمنٹ کا للکار کر مقابلہ کروں گا ۔ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن غازی صلاح الدین نے کہاکہ ایم کیو ایم متوسط طبقے کی جماعت ہے جس کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی جماعتیں ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں کہ کسی صورت میں ایم کیوایم کو ختم کیاجائے لیکن یاد رکھاجائے کہ الطاف حسین زندہ ہے اور زندہ رہے گا کیونکہ الطاف حسین ایک فرد نہیں بلکہ سوچ ، فکر ، فلسفے کا نام ہے ۔ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن بیرسٹر سیف نے کہاکہ جب دنیا میں فرعون نمرود ، یزید پیدا ہوتے ہیں تو موسی ، ابراہیم اور حسین پیدا ہوتے ہیں اور جب انگریزوں کے مظالم بڑھتے ہیں تو محمد علی جناح ؒ پیدا ہوتا ہے اورجب ملک میں سازشی جبر وستم کا سلسلہ بڑھاتے ہیں تو ایک اور الطاف حسین پیدا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں چند بنک اکاؤنٹ بند کردینے سے کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ الطاف حسین کوپریشان کردیں گے انہیں یہ عمل بند کردینا چاہئے ، پاکستان میں رہنے والے کالے انگریز جناب الطاف حسین کا کچھ نہیں بگاڑ سکے تو انشاء اللہ گورے انگیریز بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔حق پرست رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہاکہ جناب الطاف حسین کے بنک اکاؤنٹ ان کی عوامی طاقت ہے اور ان کے برطانیہ میں اکاؤنٹ بند کردینے سے کچھ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ کو 200ملین ڈالر نظر نہیں آرہے ہیں ، لندن کے ہائیڈ پارک کے سامنے محل بنے دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور دکھائی دے رہا تو جناب الطاف حسین کا وہ گھر نظر آرہا ہے جو 120گز نائن زیرو کے برابر ہے ۔حق پرست صوبائی وزیر امور نوجوانان فیصل سبزواری نے کہا کہ ہر سوال کا جواب الطاف الطاف حسین کا نعرہ ہم اس لئے لگاتے ہیں کہ اگر کسی کے پاس ملک کے مسائل کا حل موجود ہے تو محترم قائد جناب الطاف حسین ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج سب سر پیٹھ رہے ہیں کہ ہم انتہاء پسندی ، شدت پسندی کا شکار ہیں ، دہشت گردوں نے ملک کو گھیر لیا ہے یہاں پر جس طرح سے بوہرا برادری ، ہندو ، کرسچن ، بریلوی ، دیو بندی افراد جو مخصوص انتہاء پسند سوچ سے اتفاق نہیں رکھتے انہیں چن چن کر قتل کیاجارہا ہے ۔ حق پرست صوبائی وزیر عبد الرؤف صدیقی نے کہاکہ تبت سینٹر پر فقید المثال ریلی عشق ، محبت اور عقیدت کا سفر ہے ، یہ عوام کا وہ سمندر ہے جیسے کیمرے کی آنکھ فوکس کرنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم انگلستان ڈیوڈ کیمرون سے درخواست ہے کہ آپ کے ملک کے شہر لندن میں جناب الطاف حسین رہتے ہیں وہ ہماری کروڑوں عوام کی محبت اور چاہت ہیں انہیں دکھ دینے والوں کو روکاجائے اس لئے کہ جناب الطاف حسین دکھی ہوتے ہیں تو پورے پاکستانی دکھی ہوتے ہیں۔تجزیہ نگار ، کالم نویس مقتدا منصور نے کہا کہ میں گزشتہ 35برس سے ایم کیوایم کاناقدانہ جائزہ لیتا رہا ہے ، ایم کیوایم پر لگنے والے الزامات کو سنا ، مشاہدہ کیا اور محسوس کیا کہ کیا بات ہے کہ یہ الزامات کیوں لگ رہے ہیں اور حقائق کیا ہیں ؟۔ انہوں نے کہاکہ اسی شہر نے ایک متوسط طبقے سے برطانوی دور میں ایک شخص پیدا کیا جس کا نام محمد علی جناح ؒ تھا ہمارے بزرگوں کی اجتماعی دانش نے اس شخص کو اپنا قائد اعظم ؒ تسلیم کیا اور وہ اپنے کسی عزیز ، بھانجے اور بھتیجے کو آگے نہیں لے کر آئے اسی طرح کراچی شہر میں ایک اور بچہ پیدا ہوتا ہے جس کا نام الطاف حسین رکھاجاتا ہے یہ وہی بچہ ہے جو قائد اعظم کے لگائے ہوئے پودے کو ان کے نظریئے کے مطابق آگے بڑھانے کی عملی کوشش کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محمد علی جناح کے ملک کو جو تحفظ دے سکتا ہے وہ جناب الطاف حسین جیسا لیڈر ہی دے سکتا ہے ۔ معروف کالم نگار آغا مسعود حسین نے کہاکہ جناب الطاف حسین پر الزامات لگانے والے اس وفادار ٹولے کے رکن ہیں جو یہ کوشش کرتے ہیں کہ جناب الطاف حسین کو لوگوں کی نظروں میں گرا دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین کوبے توقیر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جناب الطاف حسین کو بے توقیر کرنے والے خود اپنی عزت گنوا رہے ہیں اور غریبوں کے سیلاب اور انقلاب کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی وقار حسین شاہ نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے برسوں قبل حق پرستی کی شمع جلائی جس کی کرنیں پنجاب ، بلوچستان، خیبرپختونخوا ، کشمیر ، گلگت بلتستان میں پہنچنے کے بعد جناب الطاف حسین ملک بھر کے مظلوموں اور محکموں کی آواز بن گئے اور جناب الطا ف حسین کے لاکھوں چاہنے والے اب کروڑوں میں ہوچکے ہیں ۔ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی معروف سماجی شخصیت منگلا شرما نے کہا کہ برطانیہ جیسے ملک میں بغیر ثبوت و شواہد کے جناب الطاف حسین کے اکاؤنٹ بند کردیئے گئے اور اس سے کروڑوں عوام کے لیڈر جناب الطاف حسین کے حقوق غصب ہوئے ہیں اس کا جواب کون دیگا ؟۔انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کی ریلی تاریخی اور فقید المثال ہے اور ملک کے کونے کونے سے آنے والے افراد جناب الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کررہے ہیں ۔بشپ صادق ڈینیل نے کہا کہ جناب الطاف حسین کو مشکلات کا شکار کیاجارہا ہے میں سمجھتا ہوں کہ ناانصافی کسی کے ساتھ نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جناب الطاف حسین کو ہرسطح پر مورال سپورٹ دینے کیلئے تیار ہیں اور ان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔