ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا اجلاس، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کو شناختی کارڈ کے اجراء میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کرنے اور طرح طرح کے بہانوں کی شدید مذمت
وزیرداخلہ چوہدری نثار نے قائدتحریک الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے معاملے کو اپنی انا کا مسئلہ بنالیا ہے اور وہ اس کی راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی
چوہدری نثار کے متعصبانہ طرز عمل کی وجہ سے قائد تحریک الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ رابطہ کمیٹی
اگر یہ متعصبانہ طرز عمل بند نہ کیا گیا اور قائد تحریک الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا اجراء نہ کیا گیا تو ملک بھر میں عوام اس عمل کے خلاف سراپا احتجاج ہوں گے۔ رابطہ کمیٹی
قائد تحریک الطاف حسین کو شناختی کارڈ کا اجراء فی الفور کیا جائے۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف سے مطالبہ
کراچی۔۔۔15 مئی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کاایک اجلاس آج ہواجس میں وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کوقومی شناختی کارڈ کے اجراء میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کرنے اورطرح طرح کے حیلے بہانوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس کے بعد اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پہلے وفاقی وزارت داخلہ کے حکام کی جانب سے یہ عذر پیش کیا گیا کہ ان کے پاس جناب الطاف حسین کی درخواست کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔پھروفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے یہ کہا گیا کہ جناب الطاف حسین نے شناختی کارڈ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کئے۔ جب ایم کیوایم کی جانب سے تمام ترثبوت وشواہد میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے لائے گئے تووزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن کی جانب سے قومی اسمبلی کے ایوان میں یہ بتایا گیا کہ نادرا کے پاس سے جناب الطا ف حسین کی درخواست کا ڈیٹا اڑ گیا ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایم کیوایم کے رہنماحیدرعباس رضوی نے جب وزیراعظم نوازشریف کوشناختی کارڈ کے معاملے سے آگاہ کیاتوانہوں نے موقع پرہی وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکوشناختی کارڈ کے معاملے کوفوری طورپرحل کرنے کی ہدایت کی لیکن اب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی جانب سے یہ نیا بہانا پیش کیاجارہاہے کہ نادراکے ریکارڈ میں جناب الطاف حسین کی تصویرصحیح نہیں ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے جناب الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے معاملے کواپنی اناکامسئلہ بنالیاہے اوروہ اس کی راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چوہدری نثارکے اس متعصبانہ طرزعمل کی وجہ سے قائدتحریک الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے عوام میں شدیدغم وغصہ پایاجاتاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگریہ متعصبانہ طرزعمل بندنہ کیاگیا اور قائدتحریک الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا اجراء نہ کیاگیااورقائدتحریک الطاف حسین کوان کے بنیادی حق سے محروم رکھاگیا توملک بھرمیں عوام اس عمل کے خلاف سراپا احتجاج ہوں گے۔ رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین اوروزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاکہ ان کے واضح احکامات کے باوجود قائد تحریک الطاف حسین کوشناختی کارڈجاری نہ کئے جانے کافوری نوٹس لیاجائے اورشناختی کارڈ کا اجراء فی الفور کیا جائے۔