متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 71 کے کارکن محمد سراج کے قتل پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
حق پرستی پر چلنے کی پاداش میں ایم کیوایم کے بیگناہ کارکنان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔۔ 24اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کورنگی کے علاقے 34ایریا میں مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کورنگی سیکٹر یونٹ 71کے کارکن محمد سراج ولد شمشاد کے ہلاک ہونے کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ حق پرستی کی راہ پر چلنے کی پاداش میں ایم کیو ایم کے بیگناہ کارکنان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے محمد سراج کے قتل کو سفاکانہ عمل قرار دیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے صدرپاکستان ممنون حسین ، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنا ن کے قتل کا نوٹس لیں اور کارکنان کے قتل میں ملو ث دہشتگردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دیں ۔
دریں اثناء واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل ،حق پرست ارکان اسمبلی علی راشداورشیرازاحمدنے مقامی اسپتال پہنچ گئے اور سوگواران سے مل کر واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے محمد سراج کے سوگوار لواحقین کو دلاسہ دیا اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پران کے ہمراہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان، سیکٹر کمیٹی کے ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔