ایم کیوایم ابراہیم حیدری سیکٹر یونٹ علی اکبر شاہ گوٹھ کے یونٹ انچارج شیخ محمد طاہر شہید کو سپرد خاک کردیا گیا
نماز جنازہ اور تدفین میں رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی، کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج و اراکین، ذمہ داران و کارکنان اور شہید کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد میں شرکت
کراچی :۔۔۔23، اپریل 2014ء
گزشتہ روز جرائم پیشہ مسلح دہشت گردو ں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایم کیوایم ابراہیم حیدری سیکٹر یونٹ علی اکبر شاہ گوٹھ کے یونٹ انچارج شیخ محمد طاہر کو علی اکبر شاہ گوٹھ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نماز جنازہ علی اکبر شاہ گوٹھ میں واقع چارسو کوارٹر کے فٹبال گراؤنڈادا کی گئی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید ، ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج فرخ اعظم ، جوائنٹ اچارجز سلیم جوکھیو، اسلم بلوچ، اراکین، سیکٹر و یونٹ کے ذمہ داران، کارکنان، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں یوسف شاہوانی نے شہید کی رہائشگاہ جاکر سوگوار لواحقین سے قائدتحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کو صبر کی تلقین کی اور شیخ محمد طاہر شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔