دہشت گرد عناصر کی جانب سے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز پر حملے اور دھمکیاں تشویشناک ہیں۔ الطاف حسین
یہ بات ریکارڈ پر آچکی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے صحافیوں اور اینکر پرسنز کی ہٹ لسٹ تیار کی گئی ہے
حامد میر، رضا رومی، افتخار احمد اور امتیاز عالم پر حملے اور دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔ الطاف حسین
سینئر صحافیوں ا ور اینکر پرسنز پر حملوں اور دھمکیوں کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے
لندن۔۔۔23، اپریل2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے دہشت گردعناصرکی جانب سے سینئرصحافیوں اوراینکرپرسنز کودی جانیوالی دھمکیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ان دھمکیوں کافوری نوٹس لیاجائے اور سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز کوتحفظ فراہم کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ یہ بات بھی ریکارڈ پرآچکی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے صحافیوں اور اینکر پرسنز کی ایک ہسٹ لسٹ تیارکی گئی ہے جس میں حامد میر کا نام سرفہرست ہے جن پر کراچی میں دہشت گرد حملہ کیا جاچکا ہے، اس دہشتگرد حملہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانا اورذمہ داروں کوبے نقاب کرناحکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں لاہور میں سینئرصحافی اور اینکررضارومی پر دہشت گردوں کی جانب سے قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ زخمی ہوئے جبکہ ان کاڈرائیورشہید ہوگیا ۔ لاہورمیں دہشت گردوں نے سینئر اینکراورصحافی افتخاراحمدکو بھی گاڑی روک کر دھمکیاں دیں اوران سے کہاکہ وہ طالبان کے خلاف اپنی زبان بندرکھیں۔دوسری جانب دھمکیوں اوردباؤ کے باعث سینئرصحافی امتیازعالم کوبھی اپنے ادارے کو خیرباد کہنا پڑا۔ جناب الطا ف حسین نے سینئر صحافیوں ا ور اینکر پرسنز پر حملوں اوردھمکیوں کے واقعات پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کافوری نوٹس لیاجائے اورصحافیوں اوراینکر پرسنز کو تحفظ فراہم کیاجائے۔