ایم کیو ایم اورنگی ٹاؤن سیکٹرکے لاپتاکارکنان قاسم علی شاہ شہید اور محمد علی خان شہید کوشہداء قبرستان یٰسین آبادمیں سپردخاک کردیاگیا
شہداء کی اجتماعی نمازجنازہ بعدنمازجمعہ او رنگی ٹاؤن میں ادا کی گئی
نماز جنازہ اورتدفین میں رابطہ کمیٹی ، حق پرست اراکین اسمبلی اوردیگرذمہ داران کی شرکت
کراچی ۔۔۔۔ 18اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے لاپتا کیے گئے کارکنان قاسم علی شاہ شہیداور محمد علی خان شہیدکوسینکڑوں سوگواران کی آہوں اورسسکیوں کے درمیان شہداء قبرستان یٰسین آبادمیں سپردخاک کردیاگیا،اس سے قبل شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ اورنگی ٹاؤن نمبر1میں اداکردی گئی ۔نمازجنازہ اورتدفین میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان عادل خان،یوسف شہوانی،اسلم آفریدی ، حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ،کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج و اراکین ، ایم کیو ایم اورنگی ٹاؤن ودیگرسیکٹر اوریونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران، کارکنان ،ہمدردوں اور شہداء کے لواحقین ودیگرعزیزواقارب نے بڑی تعدادمیں شریک کی اورشہداء کوزبردست خراج عقیدت وسلام عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت،درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اورسوگواران کے صبرجمیل کیلئے دعائیں کیں۔اس موقع پرانتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے علاقے میں سوگ کاسماں تھااورہرآنکھ شدت غم سے نڈھال تھی ۔